وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سیدناصرشیرازی کے اغواءکے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی جانب سے توجہ دلائو نوٹس ایوان میں جمع کروادیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کی جانب سے ایم ڈبلیوایم کے مغوی مرکزی رہنما ناصرشیرازی ایڈوکیٹ کی جبری گمشدگی کو دو ہفتے سے زائد کا عرصہ گذرجانے کے باوجود تاحال کوئی تفصیلات فراہم نا کرنے پر توجہ دلائو نوٹس میں استفسار کیا گیا ہے ، نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ کیایہ درست ہے ناصرعباس شیرازی کو چند روز قبل نامعلوم افراد کی جانب سے اغواء کیا گیا ہے؟ناصرشیرازی کے اغواکاروں کی گرفتاری سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی ہے؟کیا ناصرشیرازی کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے؟؟
واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرشیرازی کے لاہور سے اغواءکو دوہفتے سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے، تاحال ان کی کوئی خیر خبر موصول نہیں ہو سکی ہے، جبکہ پنجاب پولیس نے ناصرشیرازی کے اغواء کی ایف آئی آر بھی تاحال درج نہیں کی اور بلآخر ناصرشیرازی کے اہل خانہ کو لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنا پڑا چار پیشیوں اور فاضل جج کےمسلسل اظہاربرہمی کے باوجود لاہور پولیس ناصرشیرازی کو عدالت میں پیش کرنے سے قاصرہے ، یہ بھی یاد رہے کہ ناصرشیرازی عدلیہ کی فرقہ وارانہ تقسیم کی وزیر قانون پنجاب راناثناءاللہ کی سازش کے خلاف لاہورہائی کورٹ میں پٹیشنر بھی ہیں ۔