وحدت نیوز(لاہور)حویلی حاجی غلام صفدر لکھو ڈہر نزد رنگ روڈ لاہور میں جشن میلاد امام حسن مجتبی علیہ السلام منایا گیا ۔ جس میں علاقے کے مومنین ومومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس محفل میلاد میں علامہ علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب نے اپنے وفد کے ہمراہ شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا ۔
انہوں اپنے خطاب میں مولا امام حسن مجتبی کے فضائل بیان کیے اور قرآن وحدیث کی روشنی میں فضائل اہلبیت علیہم السلام بیان کیے ۔ ماہ مبارک رمضان المبارک کی مناسبت سے بھی بہت عمدہ گفتگو کی ۔ آخر میں حالات حاضرہ اور سیاست علوی اور ہماری ذمہ داریوں کے عنواں سے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دیں سے کوئی الگ چیز نہیں ہے ۔ حق حکومت اصل میں اللہ کا حق ہے اس کے بعد انبیاء کرام اور ان کے نائبین برحق معصوم ہستیوں کا حق ہے ۔ اس کے بعد معصوم ہستیوں نے ان صالح مومن انسانوں کی نشانیاں بتائیں کہ جن میں یہ نشانیاں ہونگی وہی حق حکومت کے حقدار ہونگے ۔ ۔ جیسا کہ آج کے دور میں حضرت امام خمینی(رہ) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای(حفظہ اللہ ) امت اسلامی کی رہبری فرمارہے ہیں ۔
ان کاکہنا تھاکہ درحقیقت آئمہ طاہرین علیہم السلام کے حق کو غصب کیاگیا ۔ اس حق کو امام زمان جب ظہور فرمائیں گے تو دوبارہ حکومت الہیہ کا قیام کریں گے ۔ لوگوں نے آئمہ کا ساتھ نہیں دیا جس کی وجہ سے ہمارے امام ظاہری حکومت کا قیام نہ کرسکے آج پاکستان کی سرزمین پر 5 کروڑ شیعہ آباد ہیں !!!ہم سب ملکر اگر ایک آواز بن جائیں اور قائد وحدت کا ساتھ دیں تو دیکھیں کہ کیسے ہمارے حقوق کو بحال نہیں کیا جاتا ۔ آج ہم تھانوں ، کچہریوں کے چکر صرف اس وجہ سے کاٹ رہے ہیں اور عزاداری کے نام ایف آئی آرز کا سامنا کررہے ہیں کیونکہ ہم خود قصور وار ہیں ہم نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ اور مصلحتوں کی وجہ سے غیر جانبدار بن کے بیٹھے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئیں مجلس وحدت کاساتھ دیں مجلس،وحدت مسلمین پاکستان آپ کے ہر مسئلے اور مشکل میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔ مجلس وحدت کا جب آپ عزادار ساتھ نہیں دیں گے تو مجلس کے پاس عوامی طاقت کہاں سے آئے گی ۔ پلیٹ فارم موجود ہے ۔ بابصیرت ،گاہ ، دوراندیش اور بے باک قیادت موجود ہے ۔آپ مومنین نے ساتھ دیں گے تو ہم سب ایک طاقت اور قدرت بن کر ملت کی تقدیر سنوار دیں گے ان شاءاللہ ۔ مجلس وحدت کا کام خدمت اور دیانت ہے ۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اندر ایک ایسا سسٹم بنایا ہے کہ یونٹ اپنے ضلع ،ضلع اپنے صوبے اور صوبہ مرکز سے ایک چھوٹے سے چھوٹے ایشو کو ڈسکس کرتا ہے ۔ اتنی مشاورت کے بعد پھر کہیں فیصلہ ہوتا ہے ۔مجلس میں مشاورت ہے ۔جس قوم میں مشاورت نہیں ہوتی وہ قوم ہمیشہ شکست کھا جاتی ہے ۔