وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے صوبائی سیکرٹریٹ شادمان لاہور میں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ شہدائے پاکستان کے پاک لہو کو کبھی فراموش نہیں ہونے دینگے، ملکی سلامتی و استحکام اور دہشتگردی کے ناسور سے نجات کیلئے قوم متحد ہو کر میداں عمل میں نکلے، بھارت، امریکہ اور اسرائیل ہمارے ازلی دشمن ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہم ارض پاک میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں نے جس جرات و بہادری سے مادر وطن کا دفاع کیا، آج پھر سے ہمیں اسی قربانی اور جذبے کی ضرورت ہے، جو ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے۔ اجلاس میں شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے صوبائی سیکرٹریٹ میں تقریب کا بھی اعلان کیا گیا، جس میں شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے 65ء کی جنگ میں بھارت کو جس ہزیمت سے دوچار کیا وہ تاریخ کا روشن باب ہے، آج بھی ملک کی مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور آرمی چیف کا مودی کا نام لے کر اسے للکارنا جنرل راحیل کی بہادری کی دلیل ہے جبکہ مودی کے بلوچستان میں مداخلت کے بیان پر وزیراعظم کی خاموشی واضح کرتی ہے کہ حکومت کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔