وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے بیان میں تمام شیعہ تنظیموں، ماتمی انجمنوں، سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ شام میں حضرت بی بی زینب سلام اللہ علیھا بنت حضرت علی علیہ السلام نواسی رسول اللہ (ص) کے روضہء مبارک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجات میں شدت لائیں اور دنیا کو باور کرا دیں کہ تکفیریوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دس روزہ سوگ کے دوران تمام مساجد اور رمضان المبارک کے اجتماعات میں اِس سانحے کے خلاف عوام میں شعور پیدا کریں کہ وہ اسلامی مقدسات کی توہین خصوصاً توہین رسالت اور توہین صحابہ کے مرتکب تکفیری دہشت گردوں کیخلاف بھر احتجاج کریں۔ روز جمعہ کو یومِ احتجاج کے طور پر منائیں اور ہر مسجد کے باہر شاہراہوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کرکے یہود و نصاریٰ کے ایجنٹوں کو بے نقاب کریں۔
علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ شام میں توہین رسالت و توہین صحابہ کے خلاف اقوام متحدہ اور او آئی سی میں شدید احتجاج کریں اور اپنا مؤقف واضح کریں۔ انہوں نے کہا کہ شام کے حالات دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں اور یہ خانہ جنگی عالمی جنگ کا روپ بھی دھار سکتی ہے، اس لئے دنیا میں امن کے خواہاں طبقوں کو خصوصی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔