وحدت مسلمین (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے زیراہتمام شام میں بی بی زینب سلام اللہ علیھا کے روضے پر ہونے والے حملے کے خلاف سورج میانی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم ملتان کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، سورج میانی یونٹ کے سیکرٹری جنرل سید نسیم عباس شمسی، فخرنسیم اور دیگر نے کی۔ ریلی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے شام میں ہونے والے دلسوز واقعے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ بعض نام نہاد لیڈران جناب زینب سلام اللہ کے روضے پر ہونے والے حملے پر ابھی تک خاموش ہیں۔ ان کی خاموشی سے لگتا ہے یہ لوگ شامی باغیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اہل بیت (ع) اور صحابہ کرام کی غلامی کا دعویٰ کرنے والے نام نہاد لیڈر آج کیوں خاموش ہیں۔ اُنہوں نے شامی فوج اور غیرت مند عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا ہر غیرت مند مسلمان آپ کے ساتھ ہے اور یہ ساتھ مرتے دم تک رہے گا۔