وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کی کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد جہنم کے کتے اور انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا، یہ انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ چارسدہ میں بیرونی ہاتھ کا ملوث ہونا بھی خارج از امکان نہیں مگر حکومت کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران بھی دہشت گردوں کے حوالے سے نرم گوشہ رکھتے ہیں بلکہ حکومتی صفوں میں بھی دہشت گرد شامل ہیں۔ اگر حکمران قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں مگر حکومت کو جو کام کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا گیا جس وجہ سے دہشت گردوں کو اس طرح کی کاروائیاں کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے آرمی پبلک سکول پشاور اور اب چارسدہ میں یونیورسٹی پر حملہ کرنے والوں نے ثابت کر دیا کہ وہ علم کے دشمن ہیں مگر وہ نہیں جانتے کہ لاکھ اختلافات کے باوجود پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے متحد ہے اور پاکستان کی بہادر افواج اپنی پاک سرزمین کو ان کے ناپاک وجود سے ضرور پاک کر دیں گی۔