وحدت نیوز(ملتان) سانحہ مستونگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ ملتان میں سانحہ مستونگ کے خلاف امام بارگاہ زینبیہ سوتری وٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو چوک نواں شہر پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔ احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری تہور حیدری، محمد عباس صدیقی اور دیگر نے کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک شہداء کے ورثاء کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہمارا دھرنا جاری رہے گا، اُنہوں نے مزید کہا کہ جب تک کوئٹہ کے شہداء کی تدفین نہیں ہوجاتی ہمارا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر مرد، خواتین، بچے، بوڑھے اور جوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ دھرنے کے شرکاء کے لیے لنگر، نیاز، چائے اور سوپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔