وحدت نیوز(جھنگ) مستونگ میں زائرین کی بس پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہدا کے قاتلوں کی گرفتاری اور ہزارہ برادری کے مطالبات کے حق میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او پاکستان کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی، جو ایوب چوک پہنچ کر دھرنے میں بدل گئی۔ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا اظہر کاظمی نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا۔ احتجاج میں ہزاروں کی تعداد میں شریک افراد نے زبردست نعرے بازی کی اور اس امر کا عزم ظاہر کیا کہ جب تک ہزارہ برادری کے مطالبات پورے کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم نہیں کروائے جاتے یہ احتجاج جاری رہے گا۔ مظاہرین نے احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے اور لبیک یا حسینؑ کی صدائیں بلند کر رہے تھے۔ ایوب چوک جھنگ میں دھرنے کیوجہ سے جھنگ فیصل آباد روڈ بھی سہ پہر کے وقت سے بند ہے۔ احتجاجی دھرنے میں مرد حضرات کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔