وحدت نیوز(لاہور) چودہ اگست کواسلام آباد میں جلسے جلوس پر پابندی حکومتی بوکھلاہٹ اور آمرانہ ذہنیت کی دلیل ہے، سانحہ ماڈل ٹاوُن میں پولیس اہلکاروں کے متضاد بیانات نے حکومتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے، قرائین بتا رہے ہیں کہ پنجاب کا سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ جو کالعدم دہشت گرد جماعتوں کا سرپرست بھی ہے، اس المناک سانحے کا ماسٹر مائنڈ نکلے گا، پنجاب میں دہشت گردوں کے حامی افراد کو ہی قانون کا قلمدان کیوں دیا جاتا ہے؟ مسلم لیگ ن میں شامل تکفیری مائنڈ سیٹ دہشت گرد مخالف قوتوں کیخلاف آئے دن سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغرعسکری نے کارکنان کو دیے گئے افطارڈنر سے خطاب میں کیا۔ اُن کہنا تھا کہ بھکر میں ہمارے کارکنوں کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشت گردوں کو کھلی چھٹی اور معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شیڈول فور میں شامل کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے، پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پر امن لوگوں کو ہراساں کرنے سے گریز کریں۔