وحدت نیوز (لاہور) محکمہ داخلہ کی جانب سے عزاداری نواسہ رسولۖ محدود کرنے کے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کریں گے۔حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملک میں بے چینی کی فضا قائم کرنے سے باز رہے۔مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری تحفظ عزاداری سیل سجاد بیگ ایڈوکیٹ نے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ہمارے خلاف یکطرفہ کاروائی سے باز رہے ۔مذہبی رسومات کی ادائیگی ہر مکتب فکر کا بنیادی وآئینی حق ہے اس پر کسی بھی قسم کا کوئی بھی سمجھوتہ ممکن نہیں ۔محرم الحرام کا مہینہ تمام مسلمانوں کے لیے بے حد عقیدت و احترام کا مہینہ ہے اور نواسہ رسول ۖکی قربانیاں کسی مسلک یا فرقہ کے لیے نہیں بلکہ امت مسلمہ کے لیے ہیں چودہ سو سال پرانی اسلامی تاریخ کوپنجاب حکومت کی خواہش پر ہم تبدیل نہیں کر سکتے مجلس وحدت مسلمین عزاداری سیل کے مسئول سجاد بیگ ایڈوکیٹ نے پنجاب حکومت کے متعصبانہ اقدام پر عزاداری سیل کا ہنگامی اجلاس کل لاہور طلب کر لیا ہے۔