وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی ملتان اور مضافات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ اور متاثرین کی دلجوئی کی۔ اس موقع پر اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا خطاب صرف ٹوپی ڈرامہ ہے دوماہ میں حکومت نے جو کارکردگی دکھائی ہے وہ عوام کے سامنے ہے اور ہر شخص سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا قوم سے خطاب سرکاری انتخابی مہم ہے۔ ( ن) لیگ نے پہلے بھی انتخابات میں دھاندلی کی اور اب ضمنی انتخابات کو ہائی جیک کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے بھی اور اب بھی نا اہلی کا ثبوت دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو چاہئے تھا کہ وہ وزیر اعظم کو خطاب سے روکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کاروائی کی جائے۔ وزیر اعظم کا خطاب اتناہی اہم تھا تو یہ الیکشن کے بعد بھی کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے عوام کو وسیع پیمانے پر مایوس کیا ہے انتخابات سے قبل منشور پیش کرنے کے بعد وزیر اعظم کا اب اعلانات کرنا بے معنی اور فضول ہے۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ہمارے قاتلوں کو جیل سے فرار کرایا جا رہا اور وہی قیدی شام میں پھر جہنم واصل ہو کر پاکستان میں آ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سکھر جیل میں کالعدم جماعت کے دہشتگردوں اور پنجاب کی جیلوں میں پھانسی کا عمل روکنا نواز حکومت کی طالبان نواز پالیسی کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بارشیں اور پہاڑوں سے گرمیوں میں بارشوں کا اضافی پانی اور برف پگھلنے کے بعد پانی کی آمد معمول کا کام ہے لیکن دریائے ستلج اور راوی میں بھارت نے معاہدہ سے زیادہ پانی چھوڑ کر تباہی مچادی ہے عملاً ایل او سی اور سیالکوٹ بارڈر پر فائرنگ کے بعد پاکستان پر بھارت نے پانی کی دہشتگردی کی ہے۔ تباہی کے مناظر حکومتوں کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں سے اضافی پانی کی آمد کے بعد دریائوں، ندی نالوں کی قدرتی گزر گاہوں پر سرکاری اداروں کی غفلت یا آشیر باد کے ساتھ ناجائز قبضے ہو گئے ہیں جس سے پانی تباہی مچاتا ہے۔ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے نئے ڈیم اور بیراج نہیں بنائے گئے کہ جس سے ضرورت کے مطابق پانی مہیا ہو اور زراعت، صنعت و تجارت کو سستی بجلی ملے ۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں کی بلاامتیاز مدد کی جائے ۔ متاثرین کی امداد پر لوٹ مار اور ڈاکہ زنی کے دروازے بند کیے جائیں۔ بارشوں اور سیلابی پانی کے ذخیرہ کے لیے حکومتیں اقدامات کریں۔ اُنہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین 2010کے سیلاب کی طرح اس مصیبت کی گھڑی میں بھی سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لیے ملتان میں کیمپپ لگارہی ہے۔