وحدت نیوز(ٹھری میر واہ) کراچی میں تکفیری دہشت گروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شہید علامہ دیدار علی جلبانی کی تدفین خیرپور کے قریب ان کے آبائی گاؤں رحیم داد جلبانی میں کر دی گئی۔ واقعے کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے شہید رہنما علامہ دیدار علی جلبانی کی میت خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے سکھر ایئر پورٹ پہنچائی گئی،مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران و کارکنان سمیت مومنین کی بڑی تعداد نے شہید علامہ دیدار جلبانی کے جسد خاکی کا استقبال کیا ، ایئر پورٹ سے پولیس اور رینجرز کی نفری کے ساتھ میت کو انکے آبائی گاؤں رحیم داد جلبانی روانہ کیا گیا۔ خیرپور کے قریب ان کے آبائی علاقےگوٹھ رحیم دادجلبانی میں سوگ کا سماں تھا۔ کاروبار زندگی معطل تھا، جسد خاکی شہید کے آبائی گاؤں پہنچا تو وہاں دوبارہ نماز جنازہ ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں شہید کے اہل خانہ ، علمائے کرام ، ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں اور کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بعد ازاں انکی تدفین عمل میں آئی۔