وحدت نیوز( نوشہرو فیروز) سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں گلگت بلتستان ميں گندم پر سبسڈی ختم کرنے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے تحت وحدت آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری فلاح و بہبود سید امتیاز علی شاہ، ضلعی سیکریٹری جنرل اعجاز ممنائی، سیکریٹری میڈیا سیل اسد رضا حسینی اور دیگر نے کہا کہ اس جمہوری دور میں عوام کے بنیادی حقوق چھیننے جا رہے ہیں جو کہ ایک ظلم ہے، 67 سال گزرنے کے باوجود بلتستان کے لوگوں کو حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، ہم حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہيں کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق غصب کرنیوالوں کو ہم سکون سے نہیں رہنے دیں گے، 8 دن گزر جانے کے باوجود انتظامیہ انہیں خوف زدہ کررہی ہے لیکن ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم اپنے حقوق حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے، مظاہرین اس موقع پر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دئیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔