ابھی ملک کورونا کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے، ایسے میں دہشتگردوں کا دوبارہ سر اٹھانا خطرناک ہوسکتا ہے،علامہ وحید کاظمی

30 جون 2020

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکریٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ درحقیقت دہشتگردوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کی ہے، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، وہاں کی معاشی سرگرمیوں کے مرکز کو نشانہ بنانے کا مقصد دہشتگردوں کی جانب سے بظاہر یہی لگتا ہے کہ انہوں نے کوئی پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ حکومتی وزراء کے مطابق اس کارروائی میں ہندوستانی ہاتھ ملوث ہوسکتا ہے اور درحقیقت اس امکان کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔ ہماری فورسز نے دہشتگردوں کے اس حملہ کو ناکام بنایا، جانی نقصان پر ہمیں بہت افسوس ہے، لیکن حکومت کو اس حوالے سے چوکنا رہنا ہوگا۔ ابھی ملک کورونا کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے، ایسے میں دہشتگردوں کا دوبارہ سر اٹھانا خطرناک ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بعض نادیدہ قوتوں کی کوشش ہے کہ ملک میں کسی نہ کسی طرح افراتفری پھیلائی جائے، ملک میں دہشتگرد اور فرقہ پرست ایک مرتبہ پھر منظم ہوتے نظر آرہے ہیں۔ حکومت کو ایسے عناصر پر نظر رکھنی چاہیئے کہ کونسے ایسے عناصر ہیں، جو ایک مرتبہ پھر فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پاکستان میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام مختلف فورمز پر ایک ساتھ ہیں اور ان حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، لیکن اصل ذمہ داری حکومت کی ہے، اگر حکومت نے ڈھیل دی تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بالشخیل مسئلے کا واحد حل کاغذات مال کی روح کے مطابق زمینوں کی تقسیم ہے، ہمارے لوگ تو عرصہ دراز سے کہہ رہے کہ کاغذات مال کے مطابق اس مسئلہ کو حل کیا جائے۔ ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ کسی اور کی زمین ہمارے لوگوں کو دی جائے، نہ ہی ہمارے لوگ ایسا چاہتے ہیں، بلکہ جو جس کا حق ہے، اسے دیا جائے۔ قبائل کے مزاج سے آپ واقف ہیں، وہ اپنا حق کسی کو نہیں چھیننے دیتے۔ طوری قبائل کی زمینیں کاغذات مال کے مطابق ان کے حوالے کی جائیں اور یہی اس کا پرامن حل ہے۔ مقامی سول اور عسکری انتظامیہ اس حوالے سے اپنا رول ادا کرے اور جتنا جلدی ممکن ہو، حقداروں کو ان کا حق دیا جائے۔ اس حوالے سے ہمارے مقامی قائدین بھی گاہے بگاہے حکومت کو متوجہ کرتے رہے ہیں، گذشتہ دنوں پاراچنار میں دھماکہ ہوا اور زمین کا مسئلہ۔ پاراچنار کے لوگوں کو شدید تشویش ہے، وہ پریشان ہیں کہ کیونکہ ان پر دوبارہ زمین تنگ کی جا رہی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree