وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کہا نو منتحب امریکی صدرجوبائڈن کے آتے ہی اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی اراضی پر نئی آبادکاری کا اعلان مسلم دنیا کے لئے باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرب حکمرانوں کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے باوجود فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے امریکی صدر سے کسی خیرکی امید رکھنا احمقانہ پن اور خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا۔ امریکہ کے لیے پاکستان اور مسلم دنیا کا امن اورترقی ناقابل برداشت ہے۔
لہذا پاکستان کو مسقبل میں امریکہ پر انحصار ختم کر کے چین اور روس کے تعلقات استوار کرنے ہوں گے تاکہ امریکہ ہم سے کسی بھی قسم کا مطالبہ نہ کر سکے ۔اگر ہم نے عالمی تعلقات پر نظرثانی نہ کی تو افغان جہاد کی طرح کوئی دوسرا قابل تلافی نقصان ہمارے گلے پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا امریکہ اپنے مفادات کا یار ہے وہ کبھی کسی کا مخلص دوست ثابت نہیں ہو سکا۔ اگر امریکہ سے بروقت کنارہ کشی اختیار کر لی ہوتی تو آج خطے کے عوام کو اس بدامنی اور عدم استحکام کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔