وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبد الحسین الحسینی نے کراچی میں علامہ دیدار علی جلبانی کو ان کے محافظ سمیت بے دردی سے شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، وہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دیدار علی کے قاتلون کو گرفتار نہ کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جایا گا۔ علامہ عبد الحسین کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام اور شخصیات کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔ اگر حکومت سکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تو بتائے ہم اپنا دفاع خود کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح قتل عام ناقابل برداشت ہے۔ ہم کسی بھی قیمت پر عوام اور علماء کی سکیورٹی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملزمان کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ کارکنان پرامن رہیں اور صبر سے کام لیں۔