وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین الحسینی نے علامہ دیدار جلبانی کے قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت قتل و غارت گری کے کھیل کو فوری طور پر ختم کراے، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ دیدار جلبانی کو ان کے محافظ سمیت دن دھاڑے قتل کردیا گیا، قاتل سرعام دندناتے ہوئے فرار ہوگئے تاہم پولیس، رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم علامہ دیدار جلبانی اور ان کے محافظ کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیںبیٹھیں گے۔ ملک میں دہشتگرد آزاد ہیں اور عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ علامہ سبطین حسینی نے کہا کہ ملک میں شہری آئے روز نشانہ بن رہے ہیں جبکہ حکمران نان ایشوز میں الجھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یوم حسین کے انعقاد کی اجازت نہ دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیرت کا مقام ہے کہ یونیورسٹیوں میں ناچ گانے اور فحش تقریبات کی تو اجازت ہوتی ہے تاہم نواسہ رسول ۖ حضرت امام حسین کے نام سے منسوب پروگرام کی اجازت نہیں دی جارہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ پشاور میں حسب سابق یوم حسین کا پروگرام منعقد ہوگا اور اس میں شیعہ، سنی طلبائ، اساتذہ اور علمائے کرام شرکت کریں گے۔