وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین حسینی نے پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 19بے گناہ افراد کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پے در پے دہشتگردی کے باوجود حکمرانوں کی جانب سے طالبان کیساتھ مذاکرات کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں، عمران خان کی جماعت کو خیبر پختونخوا میں نے جو مینڈیٹ دیا تھا وہ اس کا ناجائزہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ووٹ دینے والے ملک میں امن چاہتے ہیں اور اسی بنیاد پر انہوں نے عمران خان کو ووٹ دیئے لیکن عمران خان نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے طالبان کیلئے دفتر کھولنے کا بیان ایک بچگانہ سوچ کی عکاسی ہے، نواز شریف کی حکومت بھی مرکزی سطح پر ناکام نظر آرہی ہے، نواز حکومت کو اپنا رویہ اور پالیسی تبدیل کرتے ہوئے ریاست کو بچانا ہوگا۔ بصورت دیگر قائد اعظم کا پاکستان طالبان سٹیٹ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں 19بے گناہ سرکاری ملازمین کو شہید کردیا گیا اور پھر باقاعدہ ذمہ داری بھی قبول کی گئی، جو کہ ریاست کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ خیبر پختونخواکا کونہ کونہ بے گناہ افراد کے خون سے رنگین ہے، اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو ان کو اقتدار میں لانے والے عوام انہیں گھسیٹ کر ایوانوں سے باہر بھی پھینک سکتے ہیں۔