وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین حسینی نے کہا ہے کہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان کی آزادی کیلئے سیرت امام حسین (ع) پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ امام حسین (ع) کسی ایک مکتب یا مذہب کے لئے نہیں بلکہ عالم بشریت کیلئے نجات دہندہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف پشاور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے زیراہتمام منعقدہ ''یوم حسین (ع)'' کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسین (ع) انسانیت کے عظیم رہبر و رہنماء ہیں، جب تک ہم امام حسین (ع) کی سیرت پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا نہیں ہوتے اس وقت تک فلسطین و بیت المقدس اسرائیل کے پنجوں میں جکڑے رہیں گے، کشمیر پر ہندوں کا تسلط قائم رہے گا اور افغانستان پر بھی امریکہ اور دیگر خونخوار طاقتوں کا قبضہ غالب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امام حسین (ع) جیسی ہستی کے نام سے منسوب پروگرام منعقد کرنے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہیں دی جاتی، مہذب تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کا ایسا رویہ قابل مذمت ہے۔