وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے رہنما اوررُکن صوبائی اسمبلی آغا محمد رضا نے کہا کہ پاکستانیوں کواسلام اورمسلمانوں کے خلاف بین الاقوامی اورداخلی سازشوں کے مقابلے میں آگاہ اورمتحدرہنا چاہیئے۔آغامحمدرضانے اتحادبین المسلمین کو وقت کی اہمت ضرورت قراردیتے ہوئے کہاکہ دورحاضرمیں مسلکی مسائل کی بنیادپرسیاست کرنے کی بجائے بلاکسی تفریق کے اسلام کی مضبوطی ،ملکی استحکام، بندگان خداکی خدمت ، جوانوں کی سائنس و ٹیکنالوجی جیسے جدیدعلوم میں تعلیم وتربیت کے لئے کام کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔مسالک کے مابین محبت و بھائی چارے کی ایسی مثال قائم ہونی چاہیئے جس سے ہم ایک دوسرے کے دکھ دردکومحسوس کرسکیں۔
انہوں نے کہاکہ قوم، قبیلے یا مسالک میں منقسم رہنے سے اسلام اورپاکستان کو کبھی بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔ اورنہ اسلام میں اِن بنیادوں پرتقسیم کی کوئی گنجائش ہے۔اسلام محمدی ؐ قوم ،قبیلہ اورمسلک کے نام پرکسی بھی قسم کے امتیازکاقائل نہیں بلکہ اسلام اُن تمام انسانوں کو چاہے اُن کا کسی بھی قوم وقبیلہ یامسلک سے تعلق ہواورجواللہ تعالیٰ پرایمان لائے ہیں برابرسمجھتاہے۔تاہم اللہ کے نزدیک بلنددرجات اُنہی کوحاصل ہوسکتے ہیں جو زیادہ متقی ہوں۔ آغارضانے مزیدکہاکہ پاکستان میں مسالک کے مابین اختلافات کی باتیں کرنے والے اسلام اورپاکستان کے لئے زہرقاتل ہیں۔ پاکستان اوراسلام محمدی ؐ کے دشمن گہری منصوبہ بندی کے تحت بلوچستان میں مسالک کی بنیادپرمنافرت پھیلانے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں۔
انہوں کاکہناتھا کہ بلوچستان کے عوام امن پسنداورایک دوسرے کے عقائدونظریات کا احترام کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام صوبہ کی مثالی امن کو مسلک کے نام پر خراب کرنے والے عناصرسے ہوشیاررہیں۔اورکسی کواس بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ آپ کے مذہبی جذبات و احساسات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کومذہبی یا مسلکی انتہاپسندی کی آگ میں جھونک دیں۔