وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ مختلف اسکاؤٹس اور اداروں کے رضاکار محرم الحرام کے دوران پولیس اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ جذبہ خدمت سے سرشار نوجوانوں کی رضاکارانہ خدمات کے باعث نظم و ضبط میں بہتری آئی ہے۔ ان سب کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب ہزارہ ٹاؤن کے دورے کے موقع پر مجالس عزا کے دوران نظم و ضبط کی بہتری اور سیکیورٹی پر مامور رضاکاروں اور سیکیورٹی اہلکاروں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مدرسہ علمیہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے مدیر علامہ کاظم بہجتی اور سید الشہداء اسکاؤٹس کے صدر سید مہدی آغا و دیگر سے بھی ملاقاتیں کیں۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ ہزارہ ٹاؤن کے دورے کا مقصد ان مقدس راتوں میں عزاداروں کی خدمت اور حفاظت پر مصروف رضاکاروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ان ایام عزاء میں نظم و ضبط کی ایک اہم وجہ یہی رضا کار ہیں جو شب و روز بے لوث خدمت میں مصروف ہیں۔ ان کے بغیر انتظامیہ کو بے شمار مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید الشہداء اسکاؤٹس، ابوتراب اسکاؤٹس، علمدار اسکاؤٹس، اخلاص اسکاؤٹس، الکوثر اسکاؤٹس، حسینی اسکاؤٹس، الحجت اسکاؤٹس، المصطفیٰ اسکاؤٹس اور حیدری اسکاؤٹس سمیت دیگر گروپس کے سینکڑوں جوان علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران رضاکارانہ سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ پرامن محرم الحرام کے انعقاد کا دار و مدار فقط پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر نہیں، بلکہ ان رضاکار جوانوں پر بھی ہے۔ اس موقع پر بلوچستان شیعہ کانفرنس کے سید صباحت آغا، ڈاکٹر علی مدد، بی این پی رہنماء مبارک علی ہزارہ اور مجلس وحدت مسلمین کے حاجی دولت حسین سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔