وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ٹرین سروسز کی بحالی کے لئے کام نہیں کیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومت سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ گزشتہ چند روز سے ٹرین سروسز بند ہونے کے باعث عوام الناس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والا مزدور طبقہ بھی بے روزگار ہو گیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے کوئٹہ سے دیگر صوبوں کو جانے والی ٹرین سروسز بند ہے، جبکہ حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کوئی متبادل نظام بھی فراہم نہیں کیا جا سکا ہے۔ غریب عوام کے لئے ٹرین سفر کا ایک سستا اور مناسب نظام تھا، جس کے رک جانے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ بولان میں ریلوے پل کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ پل کی تعمیر تک کوئٹہ کے عوام کے لئے سفر کے متبادل نظام کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی موجودگی میں عوام کا ٹرانسپورٹ نظام سے محروم ہوجانا محکمہ کی کارکردگی اور ذمہ داران کی صلاحیت پر سوالات اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے دیگر صوبوں تک ریلوے سروسز کی بحالی عوام الناس کی ضرورت ہے۔ ریلوے کے ذریعے ملک کا غریب طبقہ سفر کرتا ہے۔ جن سے دن بہ دن ان کے بنیادی حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ مہنگائی میں پسنے، بھاری بھرکم بل ادا کرنے، گیس و بنیادی سہولیات کے لئے ترسنے والے بلوچستان کے غریب عوام اب سفر کی سہولت سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ حکومت کو ان عوامی مسائل پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنز سے غریب طبقے کا روزگار بھی وابسطہ ہے۔ مزدور طبقہ ریلوے اسٹیشن پر سامان اٹھانے اور چھوٹی موٹی اشیاء فروخت کرکے اپنے گھر کا گزارا کرتے ہیں۔ جو ریلوے سروسز کی معطلی سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت اس طبقے کی بھی فکر کرے اور جلد از جلد وفاقی حکومت کے تعاون سے ریلوے سروسز کی بحالی کو یقینی بنائے۔