شہر کے بارونق علاقے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہنا حکومت اور سیکورٹی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، آغا رضا

08 جون 2015

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا نے احتجاجی جلسے سے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی حکومت اور سیکورٹی ادارے کوئٹہ شہر میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ۔ ٹارگٹ کلنگ کے پے درپے واقعات میں بے گناہ شیعہ ہزارہ مومنین کا بہتا ہوا لہو حکومت اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر میں عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ شہر میں مسلح نقاب پوش اور دہشتگرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔ سیکورٹی ادارے نہ صرف ان سے بخوبی آگاہ ہیں بلکہ ان کے نیٹ ورک اور ٹھکانوں سے بھی آگاہ ہیں اور تمام اختیارات کے باوجود شہر میں امن و امان کی مخدوش صورتحال نے حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ پے درپے دہشتگردی کے حالیہ واقعات ایک منظم سازش اور منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں تاکہ عوام میں بھائی چارے اور کوئٹہ شہر کے پر امن فضا کو خراب کرکے شہری زندگی کو تباہ کیا جا سکے۔ صوبائی حکومت اور سیکورٹی ادارے شیعہ ہزارہ مومنین کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور دہشتگردبلا خوف و خطر دندناتے شہر کے بارونق علاقوں میں آزادی کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے ہزارہ مومنین کو چن چن کر شہید کر رہے ہیں۔ مگر سیکورٹی اہلکاروں کو ان کے خلاف کاروائی کی جرات نہیں ہوتی، نامعلوم مسلح نقاب پوش دہشت گرد آزادی کے ساتھ نقل و حرکت کرتے ہیں۔ ان گروہوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں ہوتی۔ دکانداروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود ناخوشگوار واقعہ کا پیش آنا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ان تمام اہلکاروں کو شامل تفتیش کیا جائے۔ میزان چوک ایک پر ہجوم علاقہ ہے جہاں پیدل چلنا بھی دشوار ہے ایسے میں نقاب پوش دہشت گرد کس طرح آزادانہ کاروائی کرکے فرار ہوجانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، حالانکہ چند قدم کے فاصلے پر ایف سی اور پولیس کی چیک پوسٹ قائم ہیں اس کے باوجود قاتل دہشتگردوں کا فرار ہوجانا ان چیک پوسٹوں پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین شہر میں تمام برادر اقوام کے ساتھ امن اور بھائی چارگی کے فروغ کے لیے ہر قسم کی تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ حکومت اور ریاستی ادارے ان دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھر پور کاروائی کرکے عبرتناک سزا دیں۔ بیان میں کہا گیا کہ واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین و رشتہ داروں سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے،آغا محمد رضا نے عوامی نیشنل پارٹی ، نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم (ق) ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، تاجر برادری اور دکان داروں کا تہہ دل سے شکریہ اداکیا کہ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree