وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل اور شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ کمشنرنصیر آباد ڈویژن احمد عزیز تارڑسے ملاقات کی۔ ملاقات میں سانحہ چھلگری آٹھ محرم خود کش حملے سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا سید ظفر عباس شمسی و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چار ماہ گذر جانے کے باوجود دھشت گردوں کی عدم گرفتاری ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ وارثان شہداء آج بھی مجرموں کی گرفتاری کے لئے حکمرانوں سے انصاف کی امیدف لئے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن سمیت بلوچستان بھر میں دہشت گردی کے مراکز اور سہولت کار موجود ہیں جن کے خلاف بھرپورآپریشن کی ضرورت ہے۔ بلوچستان اور سندہ میں دھشت گردی کے لئے مستونگ کے دھشت گرد آتے ہیں۔ مستونگ دھشت گردی کا گڑہ بن چکا ہے، پاک فوج مستونگ میں دھشت گردی کے مراکز کے خلاف آپریشن کرے۔
اس موقع پر کمشنر رفیق احمد تارڑ نے کہا کہ دھشت گرد عوام اور ملک کے دشمن ہیں جن کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہم دھشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، اور اس سلسلے میں بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے صوبائی حکومت کو باضابطہ طور پر مراسلہ ارسال کیا ہے، جبکہ یادگار شہداء ٹاور کی تعمیر کے سلسلے میں پیش رفت کی جائے۔