وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری امورسیاسیات محمدعلی نے کہا ہے کہ بلتستان کے مختلف حلقوں میں پولینگ سٹیشنز کو بڑھانے کی بجائے کم کرنا پری پول رگنگ کا حصہ اور انتظامیہ کی بدنیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے تمام حلقوں میں پولینگ سٹیشنز کا اضافہ نہ کیا گیا تو احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا یہاں کی عوام کا جمہوری حق ہے اس حق رائے دہی کو چھیننا ناانصافی اور مسلم لیگ نواز کی ملک بھر کے عام انتخابات کی طرح گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی پنکچر لگانے کی سازش ہے جسے کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ شکست کی خوف سے غیر جمہوری ہتھکنڈے پر اتر آئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلتستان میں کسی بھی حلقے میں سیٹ ایجسمنٹ نہیں ہوئی بلخصوص حلقہ نمبر ایک اسکردو میں کسی بھی جماعت کے حق میں نہیں بیٹھا اور اس حلقہ سے نامور عالم دین شیخ زاہد حسین زاہدی مجلس وحدت مسلمین کا نمائندہ ہے اور انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔