وحدت نیوز(گلگت) کراچی میں پی آئے اے ملازمین کی نجکاری کے خلاف احتجاج پر وحشیانہ لاٹھی چارج اور فائرنگ ریاستی دہشت گردی اورجمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے حکومت جبری طور پر عوام سے احتجاج کا بنیادی حق چھیننا چاہتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کراچی میں پی آئی اے ملازمین کے احتجاج پر لاٹھی چارج اور فائرنگ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت جمہوریت کی آڑ میں ملک میں بادشاہت قائم کرنا چاہتی ہے۔ماڈل ٹاؤن لاہور میں بیگناہ مرد و خواتین پر گولیوں کی بوچھاڑ کرکے درجنوں مرد و خواتین اور بچوں کو خون میں نہلادیا گیااور تو اور معذور افراد کو بھی لیگی حکومت نے نہیں بخشا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج عوامی حق ہے جسے ریاستی جبر سے دبانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے پی آئی کے ملازمین آج اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج پر ہونے کے باوجود ان پر گولیان چلائی گئیں حالانکہ ان ملازمین نے کوئی ناجائز مطالبہ نہیں کیا تھا۔پولیس کے ہاتھوں بیگناہ ملازمین کی ہلاکت پر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو سب سے زیادہ خسارہ حکومت نے خود پہنچایا ہے ،ہر نئی آنے والی حکومت نے کلیدی عہدوں پر نااہل افراد کی تعیناتی کرکے اس قومی ادارے کو تباہ کردیا ہے اور آج حکومت خود خسارے کا رونا رو رہی ہے۔حکومت قومی اداروں کے تحفظ اور معاشی طور پر ان داروں کو استحکام بخشنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اوران اداروں کو نفع بخش بنانے کی بجائے انہیں نیلام کرنا ملکی معیشت پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے۔