وحدت نیوز (گلگت ) لاہور میں چرچ اور شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،حکومت دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی فورسز جب محفوظ نہیں تو مسافروں کیلئے کیسے یہ شاہراہ محفوظ ہوگی ،بین الاقوامی شاہر اہ کو محفوظ بنانے کیلئے شاہراہ کو پاک فوج کے حوالے کیا جائے اور شاہراہ سے متصل آبادیوں میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے خطرناک مجرموں کے فرار کے فوری بعد شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو نشانہ بنانا خطرے کی گھنٹی ہے جبکہ ان خطرناک مجرموں کی گرفتاری کے حوالے سے حکومتی اقدامات محض ایک خانہ پری ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم ایک خونی شاہراہ بن چکی ہے جہاں دہشت گرد جب اور جہاں چاہیں کاروائی کرتے ہیں اور گزشتہ چند سالوں میں غیر مقامی سیاحوں اور سیکورٹی فورسز کے آفیسران اور جوانوں سمیت 100 سے زائد مسافروں کو بے دردی سے شہید کردیئے گئے ہیں اور اب تک ان تمام دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے اور جب بھی حکومت دہشت گردوں کے خلاف کوئی کاروائی کی حکمت عملی تیار کرتی ہے دہشت گردوں کی پشت پناہ جماعتیں احتجاج او ر دھمکیوں پر اتر آتی ہیں۔ انہوں نے لاہور میں چرچ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس تشدد کو زیادتی قرار دیتے ہوئے کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے سامنے تو بے بس ہے اور اپنے عزیزوں کے قتل عام پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت استعمال کررہی ہے ۔