وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کالعدم جماعتوں کے سیاسی ونگ کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہے اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوام کو خریدنے کے لئے پنجاب سے اپنے ایجنٹ کو گورنر گلگت بلتستان بنایا ہے جبکہ انتظامیہ میں چھوٹی سطح سے لے کر چیف سیکرٹری تک کا تبادلہ کرکے اپنے کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے، گلگت بلتستان اسمبلی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو بدترین شکست سے دوچار کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی نااہلی کے سبب گلگت بلتستان میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، اگر گلگت بلتستان میں ایک ہفتے کے اندر گندم بحران ختم نہ ہوا تو پہلے کی طرح دوبارہ تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی الیکشن میں مذہبی کارڈ نہیں بلکہ اہلیت کا کارڈ چلے گا، تمام تر تعصبات سے بالاتر ہو کر اہل امیدواروں کو مجلس وحدت نے میدان میں اتارا ہے، ہم گلگت بلتستان کی تمام سیاسی پارٹیوں کو چیلنچ کرسکتے ہیں کہ کوئی ایسے نمائندے سامنے لا کر تبدیلی کی باتیں کرے، جیسے ہم لے کر آئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین اہل اور تعلیم یافتہ صالح نمائندوں کو متعارف کروا کے گلگت بلتستان کی سیاست میں بڑی تبدیلی لائی ہے۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے پچھلے دور کے حکمرانوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا، گلگت بلتستان میں ایک اور یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس تعلیمی ادارہ میں طرز تعلیم اسلامی اور اخلاقی بنیادوں پر استوار ہوگا۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے گڈ گورننس قائم کی جائے گی اور عوام کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان رائے ونڈ نہیں بلکہ غیرت مندوں کی سرزمین ہے، یہاں کے عوام کو خریدنے کے لئے رائے ونڈ سے اپنے ایجنٹ کو بھجوایا ہے کیونکہ گلگت بلتستان میں ان کو ایسا شخص نہیں مل سکا تھا۔ گورنر گلگت بلتستان نے اس وقت گورنر ہاوس کو مسلم لیگ (ن) کا سیکرٹریٹ میں تبدیل کر دیا ہے،لیکن عوام آٹھ جون کو بتا دیں گے کہ گلگت بلتستان غیرت مندوں اور شجاع لوگوں کا خطہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 70 دنوں میں مسلم لیگ (ن) کو دنیا بھر میں بے نقاب کر دیا ہے، ہمارا مقابلہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ سے نہیں بلکہ سعودیہ لیگ سے ہے۔ آئین کے آرٹیکل 40 کے تحت دو اسلامی ممالک کے درمیان جنگ ہونے کی صورت میں ثالث بن کر اختلافات کو ختم کرانے کے لئے اقدامات اٹھایا جاتا ہے لیکن نواز حکومت نے سعودی بادشاہوں کو خوش کرنے کے لئے ملک اور افواج پاکستان کو اس جنگ مین دھکیل دینا چاہا، پاکستان کی غیرت مند فوج کو کرائے کی فوج بنانے کی ناپاک کوشش کی، جسے اس وطن کے فرزندوں نے کامیاب ہونے نہیں دیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے فیصلے نے واضح کر دیا کہ نواز حکومت اپنی مرضی کے فیصلے کرکے ملک کو پرائی جنگ میں نہیں دھکیل سکے گی۔ اس قوم کی تقدیر کے فیصلے شاہی محلات اور واشنگٹن سے نکل کر اس قوم کے ہاتھوں میں آگئے ہیں۔
گلگت بلتستان رائیونڈ نہیں غیرتمندوں کی سرزمین ہے، نواز لیگ کو الیکشن میں شکست ہوگی، ناصر عباس شیرازی
گلگت بلتستان رائیونڈ نہیں غیرتمندوں کی سرزمین ہے، نواز لیگ کو الیکشن میں شکست ہوگی، ناصر عباس شیرازی