وحدت نیوز (اسکردو) سالگرہ انقلاب اسلامی ایران کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں ایک تقریب کا اہتمام ہوا جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سالگرہ انقلاب اسلامی ایران کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور پاکستان نہ صرف سرحدی حد تک ملحق ہے بلکہ نظریاتی طور پر مربوط اور ملحق ہے۔ پاکستان ایران کا نظریاتی اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہے جو امریکہ اور دیگر اسلام دشمن طاقتوں کے لیے قابل برداشت نہیں۔ ہم ملت اسلامیہ کو سالگرہ انقلاب اسلامی پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ اسلام دشمن طاقتیں نہیں چاہتیں کہ اسلامی ممالک متحد ہو کر اپنا اقتصادی نظام بنائیں جبکہ یورپی اقوم کی اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی پالیسیاں مشترک ہیں اسکے برعکس اسلامی ممالک بچھڑے ہوئے ہیں۔ تمام اسلامی ممالک کو مشترکات پہ جمع ہو کر ایک عظیم اقتصادی، سماجی اور دفاعی پالیسی بنا کر اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف قیام کرنا چاہیئے۔ پاکستان کو اسلام کے دشمن امریکہ کی غلامی ترک کر کے اور امریکن پول سے نکل کر امریکہ مخالف پول کے ساتھ رہنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سابقہ خارجہ پالیسی ناکام رہی ہے اور اس میں سب سے زیادہ ہاتھ امریکہ کا ہے۔ پاکستان کو خارجہ پالیسی میں تبدیلی کر کے واضح پالیسی بنانی چاہیئے اور سات سمندر پار ممالک کو گلے سے لگانے کی بجائے ان اسلامی ممالک کے ساتھ روابط بڑھانا چاہیئے جو پاکستان کے حقیقی دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے دنیا کے سامنے واضح کر دیا کہ امریکہ سے مدمقابل رہ کر ہی ملت اسلامی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ پاکستان کو بھی اپنے پاوں پر کھڑا ہو کر جامع پالیسی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیئے اور پاکستان کے حقیقی دوست جیسے ایران، چین، افغانستان اور دیگر اسلامی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہیئے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سالگرہ انقلاب اسلامی ایران کی پرمسرت موقع پر کیک بھی کاٹے۔