وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے ترجمان اور سابق ممبر بلدیہ گلگت سعید الحسنین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان میں اقدار کی سیاست کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ہم محض نمود و نمائش کیلئے اور اپنی سیاسی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے کرپٹ اور نااہل سیاسی بازی گروں سے سودا بازی کرنے اور انکی حمایت کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ایک نظریاتی جماعت ہے اور عوام کو ہم سے توقعات وابستہ ہیں کہ ہم عوام کو باشعور اور پڑھی لکھی لیڈ شپ مہیا کرینگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں ہمارا ہدف باشعور اور اہل افراد کو ایوانوں تک پہنچانا ہے اور ہم اسی پالیسی پر گامزن رہ کر آئندہ انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔