وحدت نیوز(مظفرآباد)علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ممبر علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر و مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیر لیگ (KPL) کا انعقاد اور کھیلوں کی دیگر صحت مند سرگرمیاں حوصلہ افزا بات ہے مگر کشمیر پریمیر لیگ کا گزشتہ سال کی طرح امسال بھی محرم الحرام کے پہلے عشرہ میں انعقاد جہاں محرم الحرام کے تقدس کی پائمالی کا باعث ہے وہیں ایک بڑے طبقہ فکر کے جذبات بھی مجروح ہوتے ہیں۔ جبکہ میچز کے دوران میوزیک کا بھرپور استعمال بھی امام حسین علیہ السلام و آپ علیہ السلام کے رفقا کی شہادت کے سوگ کے ایام میں توہین و تذلیل کا باعث ہے۔
علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ اس دوران کرکٹ اسٹیڈیم اور شہر کے بڑے ہوٹلز کے اطراف میں کرفیو کا سماں ہوتا ہے جس سے عزاداروں کے مجالس میں شرکت خصوصاً خواتین کی مجالس جو کہ دن کے اوقات میں ہوتی ہیں، کی عزاخانہ تک رسائی مشکل ہو جاتی ہے۔