وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام شام اور مصر کی عوام سے اظہار یکجہتی ، عرب ممالک کے گھناؤنے کردار اور ممکنہ امریکی حملے کے خلاف علمدارچوک مظفرآبادمیں احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جلسہ سے ضلعی سیکرٹری جنرل مولاناسید طالب حسین ہمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسکے حواریوں کو ایک آزاد خود مختار ریاست کے داخلی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ، شام میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا، اسی بنا پر امریکی صدر محبوط الحواس ہو چکا ہے، کبھی حملہ کی دھمکی دیتا ہے اور کبھی کیمیائی اسلحہ تلف کرنے کی باتیں کرتاہے ، امریکہ کو شام یا شام کی عوام سے کوئی محبت ہے نہ جمہوریت سے ہمدردی ، اصل ہمدردی اسرائیل سے اور اس کے تحفظ کے لیئے شام میں صہیونی مفادات کی محافظ حکومت کا قیام چاہتا ہے مولانا طالب ہمدانی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری غیور مسلمان شام پر ممکنہ حملہ کی صورت میں حملہ آور طاقتوں کے لیئے سرزمین وطن تنگ کر دیں گے، انہوں نے امریکہ اور ترکی کے عوام کی طرف سے حملوں کی مخالفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور ترکی کے عوام نے حکمرانوں کے خلاف احتجاج کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ زندہ ضمیر لوگ ہیں اور حکمرانوں کی بے حسی اور سوار خبط کومحسوس کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلے ہیں ، مولاناسید طالب حسین ہمدانی نے کہا کہ اگر شام میں جنگ ہوئی تو یہ فیصلہ کن جنگ ہو گی اور نتیجہ کے طور پر امریکہ اور اس کے حواری منہ چھپاتے پھریں گے۔آج جو ریاست بھر میں احتجاج ہو رہا ہے کہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ریاست کے عوام سالار وحدت کی ہر کال پر لبیک کہنے کو ہمہ وقت آمادہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ عرب ممالک نے مصر میں جو جمہوری حکومت کو گرانے اور مظلوم مصری عوام کو کچلنے کا جو کردار ادا کیا ہے، وہ انتہائی شرمناک ہے، مزید بر آں کہ ہماری حکومت بھی طالبان سے مذاکرات کر کے شہداء کے خون سے غداری کی مرتکب ہو رہی ہے،طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ گویا انہیں منظم ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے، تا کہ وہ وقت آنے پر پھر سے پاکستان کی سرزمین پر بے گناہ انسانوں کا خون بہا سکیں۔
علامہ سید طالب ہمدانی نے کہا کہ ہم امریکہ اور اس کے حواریوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، امریکہ اور عرب ممالک نے شام میں جو گھناؤنی سازشوں کا جال بچھایا ہے وہ صرف و صرف اس لیئے کہ وہاں کی حکومت امریکہ نواز نہیں، وہ حکومت امریکہ اور اسرائیل اظہار بیزاری کرتی ہے، امریکہ نے چاہا کہ وہاں ہمارے موافق حکومت بیٹھے جو ہماری پالیسیوں کو وہاں نافذ کریں، لیکن وہاں کی حکومت نے نہ تو اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیکے اور نہ ہی امریکہ کے سامنے سر تسلیم خم کیا، وہاں کی حکومت نے کرار کی سنت پر عمل پیرا ہو راہ فرار بھی اختیارنہیں کی، وہاں کی حکومت میدان میں حاضر رہی اور بالآخر امریکہ کو وہاں شکست تسلیم کرنی پڑی، عرب ممالک جو سارا خرچ اُٹھانے کی بات کرتے تھے اور امریکہ سے کہتے تھے کہ حملہ تم کرو اور سارا خرچ ہم برداشت کریں گے ، انہیں وہاں نہ ان کا درہم کام آیا نہ وہاں ان کا پیسہ مؤثر ہوا، وہاں عرب ممالک کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔اور فیض ہے جناب سید زینب سلام اللہ علیھا کا کہ عرب ممالک کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آ گیا اور مسلم دنیا نے نے بھی دیکھ لیا کہ بظاہر خادم حرمین شریفین کہلانے والے حرمین شریفین کی خدمت نہیں بلکہ امریکہ و اسرائیل کی خدمت کر رہے ہیں، جلسہ سے سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی ، مولانا سید حمید حسین نقوی ،خالدمحمود عباسی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مظفرآباد، سید سجاد حسین سبزواری ، سید وقار حسین کاظمی ، و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
امریکہ شام میں اسرائیل نواز حکومت کی تشکیل چاہتا ہے ، مولاناطالب ہمدانی