وحدت نیوز (دمشق) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ شام کے زیر اہتمام شہدائے کوئٹہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی پروگرام میں حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ ہم اپنے وطن کے امن کو کبھی برباد نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی کسی کو پاک سر زمیں کی تذلیل کرنے دیں گے۔ آبادی کے اعتبار سے دوسرے بڑے اسلامی ملک کو بحران کا شکار کرنے والے پہلے یہ سوچیں، کہ ہماری قوم اس شجر کی آبیاری کے لئے پانی نہیں خون دینا جانتی ہے۔ عالمی استکبار کے پاس جو ناپاک ایجنڈہ ہے، اسکی تکمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہم بنیں گے اور استعماری طاقتوں کو کبھی بھی سرزمین پاکستان پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
جناب سیدہ زینب الکبری (س) کے حرم کے قریب شہدائے کوئٹہ کے حوالہ سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ شام کے زیر اہتمام تعزیتی پروگرام سے پاکستانی و غیر ملکی شرکاء سے خطاب کے دوران علامہ صاحب نے کہا مچھ کوئٹہ میں بے گناہ ہزارہ شیعہ مزدوروں کا بہیمانہ قتل اور المناک سانحہ ہم سب کو بیدار رہنے کا درس دے رہا ہے ۔اس وقت تکفیری گروہ داعش کی پاکستان میں یہ کاروائی عالم اسلام کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس المناک حادثہ کی ٹائمنگ ہمارے لئے بہت سے سوال چھوڑ گئی ہے۔لہذا جہاں شہداء کی قربانیوں کو پوری قوم یاد رکھے گی وہاں عالمی سازشوں پر ضرور نظر رکھنی چاہیے۔ اس سے قبل ایام عزائے حسینی ع میں ملت اپنے اتحاد سے دشمن کو ناکام بنا چکی ہے اب بھی بیداری کا ثبوت دینا ہو گا۔
انہوں نے اپنے الفاظ میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی فرمایا۔شام میں مقیم ہزارہ کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا قبلہ علی رضا قنبری نے بھی حاضرین سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور مجلس وحدت مسلمين پاکستان کا شکریہ ادا کیا،تعزیتی پروگرام میں مولانا محمد اشفاق نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے مصائب پڑھے اور دعا کی۔