وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین قم شعبہ خواتین کی مرکزی کمیٹی کا اہم اجلاس ایم ڈبلیو ایم قم کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں سیکرٹری جنرل قم کی زیر صدارت شعبہ خواتین کی تاسیس نو کی گئی۔ مرکزی کمیٹی کی سفارش پر ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل نے خواہر عاصمہ جعفری کا شعبہ خواتین کی نئی مسئول کے طور پر اعلان کیا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم قم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید میثم ہمدانی اور مولانا حسن باقریمولانا حسن باقری
بھی موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین قم کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین غلام محمد فخرالدین نے اپنے افتتاحی خطاب میں آیات و روایات کی روشنی میں خواتین کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی صرف اسی صورت ممکن ہوسکتی ہے جب معاشرے کے تمام طبقات اور تمام افراد اس تحریک کیلئے فعالیت کریں۔ ایم ڈبلیو ایم اس وقت ملت کی آواز ہے اور اس نے ملت کے تمام مسائل کیلئے آواز اٹھائی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ اس حق کی آواز کا ساتھ دیں اور اس کام میں عورت اور مرد میں کوئی فرق نہیں ہے، کیونکہ خدا کے حضور مرد و زن کا اختلاف نہیں ہے بلکہ سب خدا کے بندے ہیں اور سب پر ضروری ہے کہ خدا کی خاطر اس کی عبودیت میں اپنی فعالیت انجام دیں اور خدا سب کو اس کی جزا دے گا۔
سرپرست شعبہ خواتین و ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید میثم ہمدانی نے شعبہ خواتین کی مرکزی کمیٹی کا ایم ڈبلیو ایم قم کے دفتر میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عصر حاضر میں خواتین کے کردار سے انکار ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی سب سے پہلی ذمہ داری نسل نو کی اسلامی بنیادوں اور اصولوں کے مطابق تربیت ہے، تاکہ خدا پرست ملت کا قیام وجود میں آسکے۔ شعبہ خواتین کے قیام کی ضرورت کو بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قم المقدسہ میں موجود خواہران پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ شعبہ خواتین کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کی خطیر ذمہ داری کو انجام دے۔ سید میثم ہمدانی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خواہران کو مختلف عقیدتی اور روزمرہ ضرورت کے موضوعات پر مبنی کورسز کروائے جائیں۔ خواہران کیلئے مختص ایک وب سائٹ کا اجرا ہو، جسکو مکمل طور پر خود شعبہ خواہران ہی سنبھالے اور اسی طرح پاکستان میں تبلیغ کے میدان میں بھی خواہران کی بھرپور شرکت ہونی چاہیئے۔ ایم ڈبلیو ایم قم اس سلسلے میں شعبہ خواتین کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور اپنی مدد فراہم کریگا۔ اجلاس کا اختتام مولانا حسن باقری نے دعائیہ کلمات کے ساتھ کیا۔