وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم المقدسہ کے سیکریٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے وحدت ہاوس قم میں منعقده اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سات روز سے دھرنا جاری ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرے اور گندم سبسڈی کو بحال کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی بی کے غیور اور محب وطن عوام نے سات روز سے اپنے جائز حقوق کے لئے پُرامن دھرنا جاری رکھا ہوا ہے جو کہ گلگت بلتستان کا تاریخی دھرنا ہے، حکومت کو چاہیئے کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لے اور مطالبات کو فوری تسلیم کرے، ورنہ دهرنوں کا سلسلہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں تک وسیع کر دیا جائیگا۔ علامہ غلام محمد فخرالدین نے سینیئر اینکر پرسن حامد میر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت بھی کی اور مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو بےنقاب کیا جائے۔ انہوں نے حامد میر کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔