وحدت نیوز (قم المقدس) گزشتہ روز مدرسہ امام خمینیؒ میں حجۃ الاسلام علامہ ڈاکٹر غلام محمد فخرالدّین کے ایصال ثواب کے لئے ایک مجلسِ ترحیم کا انعقاد کیاگیا،جس میں ذکرِ امام حسینؑ اور تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیاگیا۔اس کے علاوہ شہید کے دیرینہ دوستوں نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے۔
تلاوتِ قرآن مجید کے بعد آغا عاشق حسین نے اشعار میں شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا ،پھر برادر ابراہیم بلتی نے انتہائی پرسوز آواز میں شہدائے مِنیٰ کو اس ترانے کے ساتھ یاد کیا کہ “اے شہیدو تم کہاں ہو” ان کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین آقای تقی شیرازی نے شہید ڈاکٹر غلام محمد فخرالدّین کے ساتھ اپنے گزارے ہوئے لمحات میں سے کچھ واقعات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہید سرزمینِ قم میں انقلابی افراد کو جمع کرنے کے لئے سعی کرنے والوں میں سب سے پہلے شخص تھے،ان کے بعد شہید کے قریبی دوست اور اس وقت ایم ڈبلیو ایم قم کے قائم مقام جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری نے شہید کی نمایاں خصوصیات کو بیان کیا ،جن کے بعد حجۃ الاسلام ضرغام حیدر رضوی نے فلسفہ شہادت اور قیامِ کربلا پر روشنی ڈالی۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس پروگرام میں،شہید کے اہلِ خانہ،شہید کے شاگردوں اور دوستوں ، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی سمیت شہید کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔