وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی نے لاہور میں وحدت یوتھ کے زیراہتمام منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ فرسودہ نظام کے خاتمے اور معاشرے سے تکفیری سوچ کو شکست دینے میں نوجوان اپنا کردار ادا کریں،ملک دشمن طاقتیں ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرکے ملکی سلامتی و ترقی کیخلاف صف بندی میں مصروف ہیں،علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کے سبب پاکستان میں تعلیم یافتہ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کے سبب پریشان کن زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں،جبکہ حکمرانوں کی نااہلی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جوانوں کی تعلیم تربیت اور باعزت روزگار کی ذمہ داری ریاست اور حکمرانوں کی ہے،لیکن بدقسمتی سے ہمارے اوپر مسلط حکمران قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکارو نظریات کے برعکس ذاتی مفادات کے لئے ملکی وسائل کو ہڑپ کرنے میں مصروف ہیں،علامہ اعجاز بہشتی نے مزید کہا کہ نوجوان اس فرسودہ نظام اور خاندانی سیاست کیخلاف میدان میں اتریں اور ان لٹیروں ظالموں کا راستہ روک کر وطن عزیز کو ان کے وجود سے پاک کریں۔