وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا ہے کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں جوانوں کا کردار نہایت اہم ہے جسے کسی بھی قیمت پر فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ نوجوانوں کی کیرئر کونسلنگ کے حوالے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جوانوں کی لوکل اور نیشنل لیول پر کیرئر کونسنلگ کی جانی چاہیے تاکہ جوانوں کو اپنی منزل حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ اس حوالے سے سیمینارز کا انعقاد نہایت ضروری ہے تاکہ نوجوان ملکی سلامتی وترقی کے لئے معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے میں کردار ادا کرسکیں۔ علامہ اعجاز بہشتی کا مزیدکہنا تھاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر جوانوں کو محتاط رہنا چاہے اور ہر قسم کی منفی سرگرمیوں سے اظہار بیزاری کر کے دشمن کی سازشوں کو ناکام کیا جائے تاکہ مٹھی بھر انتہاپسندوں کو باہمی وحدت سے شکست دی جا سکے۔