وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں قومی کانفرنس بعنوان ’’خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کا کردار‘‘ کا انعقاد ہوا، جس میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون،جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اداروں کی بگڑتی ہوئی صورتحال دیکھ کر یہ کہنا پڑتا ہے کہ ایک ناکام ریاست میں رہ رہے ہیں۔ ہم نے افغانستان میں جو غلطی کی ہے، اس نے نفرتوں کو جنم دیا ہے۔ اپنی غلطیوں کو تسلیم کر لینا اعلیٰ ظرفی ہے۔ ہمیں بحیثیت قوم امریکہ کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ ایران ہمارا برادر مسلم ممالک ہے۔ اس پر جارحیت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ایران پر حملے کی صورت میں پاکستان کو اعلانیہ ایران کا ساتھ دینا چاہیئے۔