وحدت نیوز(لندن) ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کا مرکزی سطح پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام عہدیداران کی بھرپور شرکت ہوئی۔ بروز اتوار مرکزی قیادت نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ آج دنیا بھر میں کئی ممالک میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ فلسطینی مظلوموں کی ہمدردی میں مختلف خطوں میں مارچ اور تظاہرات کررہے ہیں جس میں پاکستان کی غیورقوم بھی فلسطینی مظلوموں پر ہونے والے ظلم و ستم کیخلاف ہمیشہ کیطرح ہر شہر میں صدائے احتجاج بلند کررہی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی قیادت میں آزادی فلسطین مارچ کے نام پر ہر شہر میں بڑے بڑے اجتماعات، کانفرنسز اور ریلیاں منعقد ہوئیں جو قومی بیداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حقیقت میں یہی ہماری قوم و ملت کے ہر فرد کی آواز اور پیغام ہے حالیہ دنوں فلسطین کے نہتے مظلوم بچوں، خواتین پر بڑہتے ہوئے اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف قائد وحدت اور ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے حکم پر اور مرکزی قیادت کی حکمت سے پاکستان کے ہر شہر اور قریہ قریہ میں پاراچنار سے کراچی تک ریلی اور مارچ قابل ستائش ہیں۔ ہمیشہ زندہ اور بیدار قومیں ظالموں اور مستکبرین کے خلاف میدان عمل میں کھڑی ہوتی ہیں ۔
مجلس وحدت مسلمین بھی ہمیشہ ہر موقع پر ہر جگہ اپنی بساط کیمطابق صف اول میں کھڑی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں آج فلسطینیوں کی نسل کشی اور نہتے شہریوں ، ہسپتالوں سکولوں میں بچوں پر ظلم و بربریت انسانیت کیلئے انتہائی شرمناک ہے جس کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے اس بڑے ظلم کو اسرائیلی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیا۔ ماضی میں ہماری قوم و ملت ہمیشہ مظلوموں کیساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر موقع پر ہم مظلوموں کی حمایت میں خاموش نہیں رہیں گے۔