وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمن قم کے صدر حجۃ الاسلام سید شیدا حسین جعفری نے نئے عیسوی سال کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے عوام کو تعلیم، صحت، عدل و انصاف اور روزگار کی معیاری سہولتیں فراہم کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کی دعا کے ساتھ یہ بھی کہا کہ رشوت، دھونس، ملاوٹ، تعصب اور بدعنوانی سے پاک پاکستان ہر پاکستانی کا خواب ہے۔ اس کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا چاہیئے۔
پارہ چنار کے حوالے سے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں آئے روز ہونے والی دہشت گردی سے ملکی اداروں کی کمزوری اور ناکامی کا احساس ہوتا ہے۔ ان کے مطابق وطن عزیز پاکستان کے لوگوں کو علامہ اقبال اور قائد اعظم کا پاکستان چاہیئے، پاکستان میں فلسطین کے دو ریاستی حل اور قائد اعظم سے اختلاف کی باتیں کرنے والے عوام کی مایوسی میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومتی اداروں اور پاکستان کے باشعور طبقے کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے ایک آزاد اور خود مختار ملک ہونے نیز دانائی اور دانشمندی کا تقاضا یہ ہے کہ مقتدر ادارے عوام کی خوشحالی، فلاح و بہبود اور داد رسی کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیں۔ حکمرانوں کو عوام کی خوشحالی کی خاطر ہر ممکنہ قدم اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری طرف سے سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ نئے سال میں مسئلہ کشمیر کو نئی ہمت اور نئے حوصلے سے عالمی سطح پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی پاکستانی فلسطین اور کشمیر کو فراموش نہیں کرسکتا، البتہ اولین ذمہ داری حکمرانوں کی ہے۔