وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے ساتھ شوریٰ عالی(سپریم کونسل) کے 7غیر مستقل اراکین کی مدت پوری ہونے پر نئے اراکین کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا، اراکین شوریٰ عمومی نے شوریٰ عالی کیلئے4نئے علمائے کرام اور 3ٹیکنوکریٹس کے ناموں پر بھی رائے شماری کی جس کے نتیجے میں بزرگ عالم دین ،شہید قائد کے رفیق خاص علامہ حیدرعلی جوادی، علامہ حسن ظفرنقوی، علامہ باقرعباس زیدی اور علامہ مبارک موسوی جبکہ ٹیکنوکریٹس کی نشستوں پر سید ناصرعباس شیرازی، سابق مرکزی صدور آئی ایس او پاکستان سرفرازحسینی اور عارف قنبری کثرت رائے سے کامیاب قرارپائے ہیں، ساتوں کامیاب اراکین شوریٰ عالی کے ناموں کا اعلان نومنتخب مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کیا، واضح رہے کہ ایم ڈبلیوایم کی شوریٰ عالی (سپریم کونسل)کل 21اراکین پر مشتمل ہے جس میں 14علمائے کرام اور 7ماہرین شعبہ جات شامل ہیں ،جن میں سے 14اراکین مستقل جبکہ 7غیر مستقل حیثیت کے حامل ہیں ، جن کی مدت تین سال ہے ۔
وحدت نیوز(سمہ سٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن سے واپس آنے والےدرجنوں کارکنان کو لیکر راولپنڈی سے کراچی آنے والی پاکستان ایکسپریس سمہ سٹہ کے مقام پر گذشتہ8گھنٹوں سے تاخیر کا شکارہے،بیابان میں کھڑی ٹرین میں کھانے پینے کی اشیاءکی شدیدقلت کا سامناہے، گرمی اور حبس کے باعث مسافر بے حال ہیں،ٹرین میں موجود عہدیداران نے وحدت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ مسافروں کے صبرکا پیمانہ اس وقت لبریز ہوگیا جب گذشتہ دنوں افتتاح کی جانے والی جناح ایکسپریس کو متبادل ٹریک سے کراچی روانہ کیا گیا اور پاکستان ایکسپریس کو آگے جانے کی اجازت نا دی گئی،ریلوے حکام کے اس اقدام کے بعد پاکستان ایکسپریس کے مسافروںریلوے ٹریک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا، بعد ازاں پولیس حکام نے مسافروں سے مذاکرات کیئے اور کہاکہ آگے ایک مال گاڑی کی چند بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں اس لئے ٹرین تاخیر کاشکار ہے ، انشاءاللہ ایک گھنٹے میں ٹریک کلیئرہونے پر ٹرین روانہ ہوجائے گی ،آخری اطلاعات موصول ہونے تک ٹرین تاحال اسی مقام پر کھڑی ہے ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اپنے وعدوں سے انحراف کیا جارہا ہے، غریب عوام کی مشکلات ختم کرنے کی بجائے مہنگائی،اشیائے خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ قابل مذمت ہے، ریاست مدینہ کے دعویدار عوام کو ریلیف فراہم کریں ، عوام کی چیخیں نکالی جارہی ہیں،حکومت عوام پر رحم کرے ، مہنگائیاور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لیا جائے ، حکومت عوام کش پالیسی نہ اپنائے ، بیروزگاری ہی بدامنی،قتل وغارت اور دہشتگردی کا سبب بن رہی ہے، حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں سے عوام کا پیسہ واپس لیا جائے گا، اب تک کسی ایک کرپٹ حکمران سے رقم وصول نہیں کی گئی، ریاست امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون بنائے ، امیر کو ضمانت ملنا اور غریب کو بیرکوں میں چکی پیسنا ریاست مدینہ کا قانون نہیں کہلایا جاسکتا۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی کنونشن سے واپسی پر صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی،سیدوسیم عباس زیدی، ندیم عباس کاظمی، اسد عباس عسکری، ضیغم عباس اور دیگر موجود تھے۔ میڈیا کو جاری بیان میں صوبائی ترجمان ثقلین نقوی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کا صوبائی کنونشن 27,28اپریل کو ملتان میں منعقد ہوگا جس میں نئے صوبائی سیکرٹری کا انتخاب کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ کے افراد اور سینیئرز نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی ور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی کو ''حسن کارکردگی شیلڈ''ملنے پر مبارکباد دی، واضح رہے کہ مرکزی کنونشن کے اختتام پر تین سال کے دوران اعلیٰ کارکردگی کے حامل کارکنان اور رہنمائوں کو اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کومجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک مرتبہ پھر مرکزی سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد کے پیغامات، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چوتھی مرتبہ بھاری اکثریت کے ساتھ آئندہ تین سال کے لئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل منتخب کر لئے گئے ہیں ،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے دوبار ہ سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے فون پر مبارک باد کے پیغام دیئے ہیں، ترجمان وزیر اعظم پاکستان ندیم افضل چن ،اعجاز چوہدری سمیت ملی یکجہتی کونسل،سنی اتحاد کونسل ،پاکستان عوامی تحریک اور آئی ایس او کے قائدین نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے انتخاب پر اسے ایم ڈبلیوایم کے کارکنان کا اپنے قائد پرغیر متزلزل اعتمادکا مظہراورمجلس وحدت مسلمین کے لئے خوش آئندقراردیا، قائدین نے اپنے پیغامات میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ملکی سلامتی و استحکام میں روز اول کی طرح آئندہ بھی علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی سربراہی میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے تحت قم ، مشہد، نجف ، کویت اور یوکے کے عہدیداران نےپہلی بار مجلس وحدت مسلمین کے سالانہ تنظیمی کنونشن میں شرکت کی ،ایم ڈبلیوایم اوورسیز چیپٹرزکے عہدیداران نے کنونشن میں اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں اورنئے مرکزی سیکریٹری جنرل کے انتخاب کےلئے رائے شماری میں بھی حصہ لیا، اس موقع پرجامعہ امام صادقؑمیں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں بیرون ممالک قائم نمایندہ دفاتر کے مابین مضبوط رابطے, پالیسیوں اور فعالیت میں ہماہنگی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اھداف کے حصول کے لیے ہر ممکنہ علمی, فکری و اخلاقی مدد کو بہتر سے بہتر بنانے پر غور کیا گیا. شعبہ امور خارجہ کے ذیلی دفاتر کی اس میٹنگ میں شریک نمایندوں نے ایکدوسرے کے علمی, فکری و دیگر منصوبہ جات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس عنوان سے ایکدوسرے کی تجاویز زیر بحث لائی گئیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی تنظیمی کنونشن کے موقع پر منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں دفتر شعبہ امور خارجہ کے مسوول مولانا شیخ ضیغم عباس, کویت اور خلیج کے لیے سیکرٹری امور خارجہ کے معاون سید شہباز حسین شیرازی, مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نمایندہ دفتر قم المقدس کے معاون سیکرٹری مولانا سید حسنین جعفر زیدی, یورپ-یوکے میں قائم نمایندہ دفتر کے سیکرٹری جنرل مولانا مشرف حسینی, مشہد مقدس میں قائم نمایندہ دفتر کے معاون سیکرٹری مولانا ظہیر حسین مدنی, نجف اشرف میں قائم نمایندہ دفتر کے معاون سیکرٹری مولانا امتیاز حسین نجفی اور قم المقدس میں قائم نمایندہ دفتر کے سابق سیکرٹری جنرل حجت الاسلام گلزار احمد جعفری صاحب نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں ڈویژنل سیکریٹری جنرل کربلائی رجب علی نے کہاہے کہ آج ساری دنیا میں مسلمانوں کے عمومی زوال کا بڑا سبب یہ ہے کہ اپنے سر چشمہء حیات سے ان کا رشتہ کمزور ہو گیا ہے۔ اُنھوں نے اس کا قانونی نظام کو سرد خانے میں ڈال دیا ہے ، جو نہ صرف ان کی زندگی و تشخص کو ضمانت فراہم کرتا ہے۔ بلکہ ساری انسانیت کی حیات و ارتقاء کا راز بھی اس میں پوشیدہ ہے ۔ لیکن مسلمان اپنا مقام بھول گئے، انھیں اپنی حقیقت کا عرفان نہ رہے، کہ وہ کس خدائی منصب اور خدائی نظام کو لے کر اس انسانی دنیا میں آئے ہیں۔ بلکہ وہ دنیا کی دوسری قوموں کی طرح مادہ پرستی، دنیا طلبی کے میدان میں کود پڑے، دوسروں کو جگانے والی قوم خود سو جائے۔
انہوںنےمزیدکہاکہ کاش کوئی ایسی صورت پیدا ہوتی کہ مسلمان پھر اپنے گھر کی طرف پلٹیں۔ اپنا کھویا ہوا خزانہ واپس لیں۔انھیں ایسی آنکھ نصیب کہ وہ ہیرے موتی اور کنکر پتھر میں فرق محسوس کرسکیں اور پوری بصیرت کے ساتھ جان سکیں کہ انسانوں کا بنایا ہوا نظام کبھی خالق و کائنات کے عطا کردہ قانونی نظام کا ہم پلہ نہیں ہوسکتا۔ جرم و سزا کا اسلامی فلسفہ اور اسلامی قانون معاشرے میں عدل و انصاف اور امن و سلامتی کا ضامن ہے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اسلامی قانون انسانی معاشرے کی فلاح کا ضامن ہے اور اس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ اس ضمن میں ہمیں اسلامی قانون کے مزاج کو اپنے پیش نظر رکھنا بہت مفید ہوگا۔ اس طرح اسلامی قانون کی افادیت اور اہمیت کو ہم اور اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ اسلامی قانون میں تمام اقوام عالم اور دنیا کے ہر خطے کی نفسیات اور طبعی میلانات کی رعایت رکھی گئی ہے۔