وحدت نیوز(جعفرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی آرگنائزر سہیل اکبر شیرازی نے شہداء چھلگری کے ورثاء سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ چھلگری کو ایک سال ہونے کو ہے ورثاء کا انصاف ودادرسی کے لئے بار بارارباب حکومت کے دروازوں پر حاضرہونا لیکن افسوس ہے کہ ابھی تک وہاں سے خاطر خواہ جواب نہیں ملا یہاں تک کہ شدید زخمیوں کا خاطر خواہ علاج بھی نہیں کروایا گیا ہے،وزیر داخلہ بلوچستان کی جانب سے کئے گئے وعدوں پرعمل درآ مد نہیں ہوا اور واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کو بھی ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے حکومتی اداروں کی مسلسل خاموشی ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کر رہی ہے اگر حکومت نے اس مسلہ پر توجہ نہیں دی تو بھرپور انداز میں احتجاج کیا جاے گا درایں اثناء برادر پرویز چھلگری کوسٹی چھلگری کا آرگنائزر مقرر کیا گیا ،عنقریب بلوچستان میں تنظیم سازی کا عمل شروع ہوگا۔
ایم ڈبلیوایم کے اعلیٰ سطحی وفدکی علامہ مختارامامی کی زیرقیادت جشن آزادی کے موقع پرمزارقائد پر حاضری
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مولانا مختارامامی کی قیادت میں صوبہ سندھ اور کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمة الله علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر قائد اعظم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ پھولوں کا گلدستہ بھی مزار پر رکھا گیا اور پاکستان کے سترویں (70ویں) یوم آزادی پر مملکت خداداد کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ وفد میں علمائے کرام بشمول مولانا علی انور جعفری، مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا صادق جعفری، مولانا احسان دانش، مولانا اسحاق قرائتی، مولانا غلام محمد فاضلی و دیگر جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے عالم کربلائی، علی حسین نقوی، ناصر حسینی اور کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت مبشر حسن اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر علمائے کرام سمیت دیگر رہنماؤں نے پاکستان زندہ باد، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے کے شعار بلند کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی ترویج کرنی ہوگی اور اس پاکستان کی داغ بیل ڈالنی ہوگی جس کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، ہمیں چاہیئے کہ جناح اور اقبال کے پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں اور حکمران دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کے آغاز کا اعلان کریں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور صوبائی اسمبلی کے رکن آغا رضا نے وطن عزیز پاکستان کے حصول کیلئے کئے گئے جدو جہد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے آزادی سے پہلے ہماری قوم پر مظالم ہوتے تھے ، ہمیں ہمارے حقوق سے محروم رکھا جاتا تھا اور آزادی کیلئے ہمارے اجداد نے قربانیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا اور انکی مسلسل جدوجہد اور کاؤشوں سے ایک آزاد سرزمین کا قیام ممکن ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ جب وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد کی نوبت آئی تھی تو اس وقت ہم سب ایک ہوئے تھے۔ ہم ایک اللہ، ایک کتاب ، ایک رسول کے سائے میں اکٹے ہوئے تھے اور بہترین اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جس کا ثمر ہمیں ایک آزاد مملکت کی صورت میں ملا۔ آج پھر ہم پر مظالم کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا ہے، مٹھی بھر دہشتگرد ہماری قوم کے معماروں اور افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ تکفیری عناصر کی تعداد پاکستانی قوم سے زیادہ نہیں ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ آج ہم ایک قوم کی حثیت سے کھڑا نہیں ہو پا رہے ہیں۔تکفیری عناصر نے ہمیں فرقوں ، طبقوں، مسلکوں اور مذاہب میں تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ ہم یکجا ہوکر انکا مقابلہ نہ کر سکے مگر ہمیں ملک کے دشمنوں کے سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا اور ایسی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا جس کا مظاہرہ آزادی کے جدوجہد کے دوران کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان روز اول سے ہی پاکستان کے استحکام کیلئے کام کرتی آرہی ہے اور ملک بھر کے عوام کے درمیان تفرقوں کو ختم کرنے اور اتحاد و بھائی چارگی کے فروغ کیلئے کوشاں نظر آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں آج اتحاد و اتفاق کا سہارا لینا ہوگا اور ایک قوم بن کر مٹھی بھر دہشتگردوں کا سامنا کرنا ہوگا کیونکہ تاریخ خود اس بات کی گواہ ہے کہ جب ہم ایک ہوئے تھے تو ہم نے دنیا کی بڑی قوتوں کو بھی شکست دے دیئے تھے اور ہمارا پیارا وطن ہمیشہ قائم و دائم رہے گا کیونکہ اس کے قیام اور استحکام میں سینکڑوں شہیدوں کا لہوں شامل ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کے شہیدوں کا لہوں رائیگا نہ جانے دے اور ملک کے دشمنوں کو انکے عزائم میں ناکام بنا دے۔
وحدت نیوز(لاہور) مٹھی بھر انتہا پسندوں کے ہاتھوں قائد اور اقبال کے پاکستان کو یرغمال نہیں بننے دینگے،مادر وطن کی مٹی ہمارے لئے ناموس کی حیثیت رکھتی ہے،ہمیں قائد اور اقبال کا پاکستان چاہیئے مسلکی بنیاد پر ملک کو تقسیم نہیں ہونے دینگے،مملکت خداداد پاکستان کی حصول کے لئے ہمارے آباوُ اجداد نے جانی و مالی قربانیاں دیں،آج بانیان پاکستان کی اولایں ملک بچانے کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،سید ناصر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پر مسلط حکمران ملکی بقا نہیں اپنے خاندان اور کاروبار کے لئے فکر مند ہیں،ملکی دولت لوٹنے کے لئے قائد اور اقبال کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں،پاکستان کی بقا و سلامتی کے لئے عوام کو بیدار ہونا ہوگا،کرپشن اور خاندانی سیاست کے خاتمے کے بغیر ملکی ترقی و استحکام ممکن نہیں،انشااللہ ہم اس مادر وطن کی سلامتی و بقا کے لئے ہر قسم کی قربانی دے بھی رہے ہیں آئندہ بھی دینگے لیکن غیرملکی ملک دشمن سامراجیوں کو کبھی مسلط نہیں ہونے دینگے۔
وحدت نیوز(کراچی) پاکستان لاکھوں بہادر لوگوں کی جانی و مالی قربانیوں کا حاصل ہے، یہ قربانیاں ایک عظیم مقصد کے لیے دی گئی، وہ عظیم مقصد خطے کے حصول کے لیے تھا، جس پر اسلام کے سنہری اور پاکیزہ حصول کا عملی اجرا کیا جا سکے، بد قسمتی سے پاکستان اور اسلام دشمن تکفیری نظریہ اور تکفیری عناصر پاکستان پر ضرب لگانے کے لیے عالمی دہشتگرد وںقوتوں کے ایماء پر پاکستان میں، گروہی لسانی، مذہبی گروہوں میں تقسیم کرکے نظریہ پاکستان کی روح کو دھندلا کرنے کو شش کررہا ہے۔ذرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کے سیکریٹری جنرل سید ذین رضا نے 14 اگست جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے میں پیغام میں کیا۔
زین رضا کا کہنا تھا کہ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان نے بہت سی مصیبتں برداشت کیں اور یہ سفر اتنا ہی مشکل اور کٹھن تھا جتنا پاکستان بننے میں تھا۔آزادی کی اس نعمت کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اورہزاروں افراد کی قربانی شامل ہے۔وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت وطن کے ہر شہری کا اولین فریضہ ہے جس میں کوتاہی حب الوطنی کے تقاضوں سے انحراف ہو گا۔اس سرزمین کے باوفا بیٹے اس پاک سر زمین کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گئے، مجلس وحدت مسلمین اور ملک بھر میں محبت کرنے والے شیعہ، سنی عوام اس ملک کا حقیقی نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ بد ترین دہشت گردی اور ظلم و ستم کے باوجود دشمن کامیاب نہیں ہو سکا، کیونکہ اس پاک وطن کی مٹی میں شہیدوں کا لہو شامل ہے، اگر کوئی اس ملک سے غداری کرنا بھی چائے تو شہدوں کا لہو اسکی حفاطت کرتا ہے۔
زین رضا کا مزید کہنا تھا کہ 14 اگست کو قائد اعظم نے ملسمانوں کو پاکستان کا تحفہ دیا،اور آج کا دن اس تجدید عہد کا دن ہے، وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی ہماری ذمہ داری ہے، اس کی ترقی کے لیے تمام مذہبی، سیاسی، ثقافتی ہم آہنگ جماعتیں ملکر قومیت کے بْت توڑ دیں۔ہمیں وطنِ عزیز پاکستان سے فرقہ واریت کے خاتمے اور دہشت گردی کے کینسر کے خلاف مشترکہ طور پر عملی جہاد کرنا ہو گا۔ ہمارا عہد ہے اپنے قائد سے کہ ہم کہ خون کے آخری قطرئے تک اس وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی حدود کا دفاع کریں گئے۔
زین رضا نے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے عہدیداران اور کارکنان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ جشنِ آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر قائدینِ پاک وطن اور شھدائے پاک وطن کے مزارات پر حاضری دینے کے ساتھ ساتھ کراچی میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے شہر میں قومی اتحاد و اتفاق کی راہ ہموار کریں تاکہ اس پاک وطن پاکستان کے اندرونی و بیرونی عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔
وحدت نیوز(گلگت) عوامی ایکشن کمیٹی حقیقی معنوں میں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے 15 اگست کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور جب تک گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوتے یہ جنگ مسلسل لڑتے رہیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ جتنی دیر علاقے کے عوام کو محروم رکھا جائیگا اسی حساب سے عوامی بیداری بڑھتی ہی چلی جائیگی اور وہ دن دور نہیں جب حکمرانوں کو عوامی مطالبات کے آگے سرتسلیم خم کرنا پڑے گا۔گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق سے آگاہ ہیں اور پرامن طور پر حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں اور اس طویل جنگ میں فتح انشاء اللہ عوام کی ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات جائز اور قانونی ہیں جن پر فوری طور پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔عوامی ایکشن کمیٹی جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہے جس نے اپنے قیام سے لیکر اب تک جی بی کے عوام کی ترجمانی کی ہے اور ایک پرامن جدوجہد کی تاریخ رقم کی ہے نیز گلگت بلتستان کے پرامن ماحول میں ایکشن کمیٹی کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشددکی سیاست پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر حکومت نے ہمارے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر جائز اور قانونی راستہ اختیار کریں۔انہوں نے عوام سے اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کے ساتھ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان اور عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ اس پروگرام کو کامیاب کرنے کیلئے ایکشن کمیٹی سے بھرپور تعاون کریں۔