وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع جنوبی کراچی کے تحت ’’ سیرت امام علی ؑ ‘‘ کی مناسبت سے درس کا انعقاد مسجد و امام بارگاہ ابو طالب سولجر بازار میں کیا گیا ۔ اس موقع پر شرکائے درس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سجاد مہدوی نے کہا کہ امام علی ؑ  نسلوں پر اثر انداز ہونے والی شخصیت ہیں ،ان سے ہر زمانہ استفادہ کرتا رہے گا ، امام علی ؑ  کی تمام صفات کمال پر تھیں ، اسی لئے امام علی ؑ کی شخصیت کے تمام پہلوئوں پر تحقیق کی جانی چاہئیے ۔

علامہ سجاد مہدوی نے کہا کہ ہمیں تحقیق کرنی چاہئے کہ رسول خدا نے اعلان ولایت کے بعد اس پر مزید کیا کیا کام کیا ؟  ہمیں امام علی ؑ کی سیاسی سیرت کے پہلووں کو سمجھنا چاہیئے ۔ امام ؑ نے اپنی سیاسی زندگی کے مختلف مواقعوں پر مختلف قسم کے موقف و اقدامات اٹھائے ،جنہیں جاننے کی ضرورت ہے ۔ امام ؑ کی سماجی زندگی کے مختلف موقف بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔

علامہ سجاد مہدوی نے عدل و سخاوت کے فرق کو سمجھاتے ہوئے بتا یا کہ عدل و سخاوت دونوں الگ الگ طرح کی فضیلتیں ہیں ۔ عادل سب کو پورا حق دیتا ہے جبکہ سخی اپنا حق بھی دوسرے کے لئے چھوڑ دیتا ہے ۔ اس بناء پر دیکھا جائے تو سخاوت زیادہ اہم خوبی ہوئی ۔ مگر اس کے باوجود جب امام علی ؑ  سے پوچھا گیا کہ عدل افضل ہے یا سخاوت ؟تو امام ؑ نے جواب دیا کہ عدل بہتر ہے کیونکہ عدل ہر چیز کو اس کی جگہ پر رکھتا ہے ۔ جبکہ سخاوت استثنائی و انفرادی معاملہ ہے۔ عدل معاشرے کی بنیاد اور سخاوت اس کی خوبصورتی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ سخاوت ایک مستحب عمل ہے۔ اگر اسے قانون بنادیا جاتا تو وہ قانونی مجبوری بن جاتا اور اس کی وہ اہمیت نہ رہتی، جو اب ہے ۔ سخاوت میں ایک کو فائدہ اور دوسرے کو نقصان ہوتا ہے، مگر عدل میں دونوں کو حق ملتا ہے۔ امام علی ؑ کے مطابق معاشرے کو مضبوط بنیادوں پر چلانے کے لئے عدل کی ضرورت ہے۔ مولانا سجاد مہدوی نے بتایا کہ امام علی ؑ کی سخاوت عروج پر تھی ،مگر اس کے باوجود وہ عدالت کو بہتر قرار دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سوچنے کا پہلو یہ ہے کہ امام علی ؑ عادل تھے تو پھر لوگ ان کے دشمن کیوں ہوگئے اور انہیں قتل کیوں کیاگیا ؟کیونکہ عادل پسند شخص معاشرے میں بھی عدالت دیکھنا چاہتا ہے ۔ اسی لئے امام علی ؑ  چاہتے تھے کہ سب لوگ عدل پر عمل کرے۔ معاشرے میں عدل کا نفاذ امام علی ؑ کے قتل کی بنیاد بنا ۔

علامہ سجاد مہدوی نے کہا کہ عدل میں بہت وسعت ہے۔ امام علی ؑ کے مطابق جو عدل میں تنگی محسوس کرتا ہے، اس کے لئے ظلم و جور مزید مصیبت بن جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع جنوبی کراچی کے تحت ہفتہ وار درسی نشست میں پیش امام مسجد و امام بارگاہ ابوطالب ؑ مولانامحمد عباس شاکری صاحب نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر کرونا وائرس کے متاثرین کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔

وحدت نیوز(گلگت) حکومت زائرین کے ساتھ ہونے والی بد سلوکی ختم کرے ۔ متعدی بیماری کی روک تھام کیلئے مجوزہ تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور زائرین کو تفتان بارڈر سے گلگت بلتستان پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔ تفتان بارڈر پر قرنطینہ گزارنے والے زائرین کو ;C-130 کے ذریعے گلگت پہنچایا جائے ۔

 مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ تفتان بارڈر پر زائرین کے ساتھ غیرانسانی سلوک روا رکھنا انسانیت کی تذلیل ہے ۔ قرنطینہ کے نام پر خواتین،بزرگوں اور بچوں کے ساتھ انتہائی زیادتی کی جارہی ہے ۔ قرنطینہ میں زائرین کو بہتر سہولتیں فراہم کرکے اور بیمار زائرین اور کرونا وائرس کے شکار لوگوں کے دل جیت لئے جائیں ۔ عوام کو خوف میں مبتلا کرنے کی بجائے کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورت کا مقابلہ کرنے اور اس بیماری کی روک تھام کی کوششیں تیزکی جائیں ۔

 انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر قرنطینہ گزارنے والے افراد کو بسوں میں ذلیل کرنے کی بجائے ;C-130 کے ذریعے گلگت پہنچاکر سکریننگ کی جائے ۔ کرونا وائرس کے پھیلاءو کو روکنے کی ہرممکن تدبیر کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ زائرین کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جائے ۔

 انہوں نے کہا کہ جو زائر تفتان میں سکریننگ اور قرنطینہ گزار چکے ہیں انہیں باربار سکریننگ اور قرنطینہ پر مجبور کیوں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قو میں بہترین تدابیر اختیار کرکے اس قسم کے قدرتی آفات سے مقابلہ کرتے ہیں اور وبائی بیماریوں کو ماربھگاتے ہیں لیکن یہاں تو بہترین تدابیر اختیار کرنے کی بجائے عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا گیا ہے ۔

 انہوں نے راولپنڈی میں پھنسے طلباء وطالبات کو فوری طور گلگت پہنچانے کیلئے اضافی بسیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کرایوں میں من مانی اضافہ کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے جائیں اور گلگت بلتستان کے طلباء وطالبات کی پریشانیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) ایران اور عراق کی زیارت سے تفتان بارڈر کے راستے واپس آنے والے زائرین کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے میاں غنڈی کے مقام پر بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا، مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں مولانا ولایت حسین جعفری اور مولانا رضوان حیدر جعفری کے ساتھ زائرین کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ تفتان میں پاکستان ہاوس میں قرنطینہ کے نام پہ ہم سب نے چودہ دن مشکلات کے باوجود تفتان پر گزار دیے اور حکومت سے مکمل تعاون کیا، الحمداللہ کسی ایک زائر کو بھی کرونا تو دور کی بات کوئی اور بیماری بھی نہیں نکلی، وہاں انتظامیہ نے یقین دہانی کرواتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ آپ کو میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کر کے بھیجیں گے، جب وہاں سے کانوائے روانہ ہوا تو بتایا گیا کہ فرنیٹیئر کور کی پہلی چوکی پہ سرٹیفکیٹس دے دیے جائیں گے، یہاں کوئٹہ پہنچنے پہ زائرین کو گھر بھیجنے کی بجائے دوبارہ کیمپ لگا کے ٹھرا دیا گیا ہے۔ زائرین کے مطابق صوبہ بلوچستان والوں کو کوئٹہ، سندھ والوں کو سکھر، خیبر پختونخواہ والوں کو ڈی آئی خان اور پنجاب والوں کو ڈیرہ غازی خان رکھا گیا ہے اور کہا کہ صرف ایک دو دن کے بعد آپ سب کو گھر بھیج دیا جائے گا لیکن آج تیسرا دن گذر گیا کوئی پوچھنے تک نہیں آیا۔

زائرین نے کہا کہ کوئٹہ میں اس وقت شدید سردی ہے، بچے، عورتیں، بوڑھے لوگ سردی میں موجود ہیں، انتہائی ناقص انتظامات ہیں، نہ کوئی صحیح واش روم ہے اور نہ ہی غسل خانہ، اوپر سے برف کی طرح کا ٹھنڈا پانی، پہلے کوئی بیمار نہیں ہے لیکن اس سردی اور اس ماحول میں ضرور کوئی کسی بیماری میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ بار بار انتظامیہ کے جھوٹے وعدوں کے بعد ہم بھوک ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں، جبکہ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جب تک زائرین کو گھر نہیں پہنچایا جاتا بھوک ہڑتال ختم نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما، سابق صوبائی وزیر قانون آغا سید محمد رضا نے بھی میاں غنڈی میں بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور زائرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے سیکریٹری امور سیاسیات حسنین رضا کربلائی نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ملتان ہدایت اللہ خان سےملاقات کی،ضلع بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاو ٔکے تدارک کے پیشِ نظر ہونے والے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر  حسنین کربلائی نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیاں فی الفور ضلع بھر کی مساجد امام بارگاہوں میں جراثیم کش سپرے باقائدگی سے کروانے کا انتظام کروائے اور ایسے غریب مزدور دھاڑی دار طبقہ جو شادی ہالز اور پبلک مقامات پر مزدوری کرتا ہے اور ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اس وقت بےروزگاری کا شکار ہو چکا ہے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔

اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ خان نے بہت تفصیل سے مسائل کو سنا اور کہا کہ حکومت اس عالمی وہا سے نمردآزما ہونے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور انشااللہ بہت جلد عوام کو ریلیف پہچانے کے لئے جنگی بنیادوں پر مذید اقدامات بھی کرے گی اورہم آپ کی پیش کردہ تجاویز پر بھی عمل درآمد کی پوری کوشش کریں گے،یاد رہے مجلس وحدت مسلمین ملتان آج سے باقائدہ طور پر کرونا وائرس کے تدارک کے لئے مہم کا آغاز کر چکی ہے جس کے تحت مختلف مساجد و امام بارگاہوں میں اپنی مدد آپ کے تحت جراثیم کش سپرے کروانے صابن و ہینڈ واش کی فراہمی کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔

وحدت نیوز(ڈی جی خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈیرہ غازی خان کے سیکریٹری جنرل سید انعام حیدرزیدی کی وفدکےہمراہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن محمد نسیم صادق سے ملاقات۔

ایم ڈبلیوایم کے وفدنے تفتان بارڈر سے ڈیرہ غازی خان آئسولیشن کیمپ میں منتقل کیئے گئے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے کمشنر ڈی جی خان سے تفصیلی سے گفتگو کی ۔

کمشنر ڈی جی خان محمد نسیم صادق نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو حکومت کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیااور یقین دہانی کروائی کہ زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وحدت نیوز(کنب) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع خیرپور کے گوٹھ راجپر پہنچ کر مرحوم عطا محمد راجپر کی وفات پر ان کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔جبکہ انہوں نے گوٹھ بنگل خان چانڈیو پہنچ کر یوسی بافو کے چیئرمین رئیس نثار علی چانڈیو کے فرزند کی شادی کی مبارک باد پیش کی۔

اس موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امام مہدی ع کے عالمی اسلامی انقلاب کی زمینہ سازی کے لئے عالمی انقلابی تحریک وجود میں آچکی ہے جو عالم انسانیت کے لئے حسین مسقبل کی نوید ہے۔ نائب امام کی قیادت میں جو نور کی تجلی انقلاب اسلامی کی صورت میں روشن ہوئی وہ اب عالم کفر و استکبار کے لئے خوف کی علامت بن چکی ہے۔

 انہوں نےکہا کہ امریکہ اور عالمی سامراجی طاقتوں کے بم دھماکے قتل و غارت اور فتنہ انگیزی اھل حق کو جھکانے میں ناکام رہی ہے۔ اب ظالم استکباری طاقتوں کے زوال کا وقت قریب ہے اور مستقبل دنیا کے مظلوموں اور مستضعفین کی عالمی حکومت کی نوید سنا رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ ابراہیم زکزاکی صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کی علامت بن چکے ہیں۔ وہ حریت پسندوں کے عالمی سطح پر محبوب رہنما ہیں جن سے دنیا بھر میں کروڑوں انسان عشق کی حد تک محبت کرتے ہیں۔ علامہ ابراہیم زکزاکی کی جیل میں صحت کے حوالے سے ہمیں شدید تشویش ہے۔ نائیجیرین حکومت انہیں جلد رہا کرے اور انہیں علاج کی مکمل سہولیات فراہم کرے۔

Page 34 of 1478

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree