The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کی تنظیمی فعالیت کا جائزہ لینے کے لئے نگران کمیٹی کا اہم اجلاس صوبائی دفتر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدور علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، علامہ علی حسنین حسینی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا ذاکر حسین درانی اور ضلعی جنرل سیکرٹری غلام حسین اخلاقی شریک ہوئے۔ کمیٹی اجلاس کے فوراً بعد کمیٹی کے اراکین کی ضلعی کابینہ مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ سٹی کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ جس میں اراکین ضلعی کابینہ حاجی الطاف حسین ہزارہ، حاجی دولت علی، ڈاکٹر لیاقت علی، فرید احمد و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مضبوط تنظیم کے ذریعے ہی قوم کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین اس وقت قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے اور ہمیں ہر فورم پر قوم کے حقوق کا دفاع کرنا ہے۔ علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اس موقع پر کہا کہ کوئٹہ کے عوام نے ہمیشہ مجلس وحدت مسلمین اور اس کی بہادر قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن عوامی مسائل حل کرتے ہوئے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں آئندہ چھ ماہ کے اہداف پر مشاورت ہوئی اور یونٹس کے دورہ جات اور ضلعی شوریٰ اجلاس کا شیڈول تیار کیا گیا۔
وحدت نیوز(پاراچنار) پاراچنار اسسٹنٹ کمشنر پاراچنار افراسیاب ہندل اور تحصیل چیئرمین مولانا مزمل حسین نے کہا ہے کہ پاراچنار شہر کی واحد کمیونٹی سنٹر کو تزئین و آرائش کے بعد شہریوں کیلئے دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ کمیونٹی سنٹر پاراچنار میں منعقدہ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے علاؤہ عمائدین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شہریوں نے پاراچنار شہر کی واحد کمیونٹی سنٹر کو پاراچنار کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے اسے فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر پروفیسر جمیل کاظمی ، محمود جان طوری ، چیئرمین سید اخلاق حسین، سماجی رہنماء یوسف لالہ، قاضی ابرار اور دیگر نے کہا کہ پولٹیکل ایجنٹ ضلع کرم ارباب شہزاد نے شہریوں کی ضرورت اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 1994ء میں اسے سب جیل سے کمیونٹی سنٹر میں تبدیل کردیا، اس سنٹر سے نہ صرف شہری غمی خوشی کے تقاریب منعقد کرتے تھے بلکہ دیگر سماجی تقریبات بھی منعقد کرائے جاتے تھے لیکن بدقسمتی سے انضمام کے بعد عدم توجہی کے باعث خستہ حالی کا شکار ہوگیا تھا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر افرسیاب ہندل اور تحصیل چیئرمین مزمل حسین نے کہا کہ شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے عوام کیلئے جلد از جلد فعال بنائیں گے انہوں نے کہا کہ یہ صرف اور صرف شہری اثاثہ ہے اس پر قبضہ گروپ کا تصرف ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی عمائدین اور شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور تحصیل چیئرمین کے اس اقدام پر انہیں داد دی۔
وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم المقدسہ کے تحت حرم حضرت فاطمہ معصومہ (س) میں شہدائے مقاومت کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس سے ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب اور شہدائے مقاومت کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم شعبۂ قم المقدسہ کے تحت شہدائے مقاومت بالخصوص سید مقاومت، سید حسن نصر اللّٰہ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں ایک عظیم الشان تعزیتی اجلاس حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقد ہوا، اجلاس سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ اس تعزیتی ریفرنس میں حوزہ علمیہ قم ہندوستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلباء سمیت زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تعزیتی ریفرنس میں شعراء نے شہدائے مقاومت کو اشعار کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔
تعزیتی ریفرنس میں مختلف تنظیموں کے اعلٰی عہدیداروں اور نمائندوں کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری تھے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ حق اور باطل کے درمیان جنگ ابتداء تاریخ سے جاری ہے۔ آج یہ جنگ عروج پر ہے۔ ہم امام خمینی اور رہبر معظم جیسے عظیم اسلامی مفکرین اور رہبروں کے دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ رہبر معظم جنگ اور امن ہر حال میں انسانی حقوق اور اسلامی اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں۔ رہبر معظم جیسا قائد پوری دنیا میں نہیں ہے۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ اس وقت طاقت کا توازن بدل رہا ہے۔ مغرب سے مشرق کی طرف پاور شفٹ ہو رہا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکہ دنیا کا واحد سپر پاور بن گیا۔ آج امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی طاقت کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ اس وقت دنیا میں کئی طرح کی جنگیں چل رہی ہیں۔ روایتی جنگ کے علاوہ نفسیاتی جنگ، ہائبرڈ جنگ، سائبر جنگ اور شناختی جنگ بھی ہورہی ہے جو کہ سب سے خطرناک جنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شناخت اور معرفت کی جنگ میں شکست سے انسان مکمل تباہ ہو جاتا ہے۔ مسلمانوں اور مؤمنین کا باہمی اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔ گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران مقاومتی کمانڈروں کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا کہ دشمن کے جاسوس ہیں۔ یہ سب شناختی جنگ کا حصہ ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس حساس حالت میں ہمیں رہبر معظم آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی پیروی کرنی چاہئیے، ان سے آگے بڑھنے والا یا پیچھے رہنے والا اس جنگ میں ہار جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں صرف غاصب صیہونی حکومت ہی نہیں، بلکہ امریکہ اور یورپ بھی شکست کھا گئے ہیں۔ ان کی نام نہاد تہذیب اور انسانی حقوق کے دعوے کھوکھلا ثابت ہوچکے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ شہید حسن نصر اللہ پر رہبر معظم کو مکمل اعتماد تھا۔ وہ امام اور رہبر کی اطاعت کی وجہ سے اس مقام تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے اس جنگ میں اپنی ذمہ داری کو پہچان کر ادا کیا۔ آج ہمیں بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا پڑے گی، تاکہ کل خدا، رسول، ائمہ اور شہداء کے سامنے شرمندہ نہ ہو جائیں۔
وحدت نیوز (کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عوامی وعدوں کی تکمیل کی سمت ایک اور اہم قدم اٹھایا گیا۔ ممبرگلگت بلتستان اسمبلی شیخ اکبر رجائی صاحب نے سنکرمو کا خصوصی دورہ کیا اور علاقے میں فوڈ ڈپو کے قیام کے لیے سائڈ سلیکشن کی۔
اس دورے کا مقصد علاقے کے عوام کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانا تھا، جو مجلس وحدت مسلمین کی عوامی خدمت اور فلاحی وعدوں کی عملی تعبیر ہے۔
شیخ اکبر رجائی صاحب نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور یہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم وعدوں کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ فوڈ ڈیپو کے قیام سے علاقے میں غذائی تحفظ اور سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔
"اس موقع پر ایک اور خوش آئند اعلان بھی کیا گیا: سنکرمو میں ایک کمیونٹی ہال کی تعمیر کا منصوبہ۔ یہ کمیونٹی ہال علاقے کے لوگوں کو مشترکہ تقریبات، اجلاسوں، اور دیگر سرگرمیوں کے لیے ایک جامع مقام فراہم کرے گا۔ اس سے علاقے کی سماجی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور عوام میں باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ ملے گا۔سنکرمو کے عوام نے ان اقدامات کو دل کی گہرائیوں سے سراہا اور مجاہد ملت آغا علی رضوی اور فخر کھرمنگ شیخ اکبر رجائی صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ عوامی نمائندوں نے اس اقدام کو علاقے کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔
مجلس وحدت مسلمین کی ان عملی اقدامات سے نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے بلکہ یہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ تنظیم عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور فعال ہے۔
وحدت نیوز(اصفہان) ایم -ڈبلیو - ایم اصفہان کی جانب سے شھادت حضرت زھرا س اور چہلم شہدائے مقاومت کی یاد میں مجلس عزاءتفصیلات کے مطابق بروز منگل 13 نومبر 2024 مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے شھادت حضرت فاطمہ زھرا سلام اللہ علیہا اور شھید مقاومت سید حسن نصر اللہ اور دیگر شھداء کے چھلم کی مناسبت سے جامعۃ المصطفیٰ اصفہان میں مرکزی مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔اس سیمینارکا آغاز تلاوت کلام الہیٰ سے مجلس کا باقاعدہ آغاز ہوا فرقان حیدر نے شھداء کی عظمت پر ترانہ پیش کیا ۔ برادر غلام علی، برادر حبدار علی زرداری اور برادر شھزاد علی نے بی بی حضرت زھرا س کی شان میں منقبت خوانی کی۔
مجلس سے مولانا جناب سید حسن امام صاحب نے خطاب کرتے کہا کہ سید عباس موسوی کے بعد باقی بزرگ علماء کی موجودگی میں سید حسن نصر اللہ کا انتخاب ان کے مقام و منزلت کو بیان کرتا ہے۔ وہ ایک لاثانی قائد تھے۔انہون نے مزید کہا کہ دشمن اب بھی حزب اللہ کی پوری توانائی کے ساتھ کئے جانے والے اقدامات کو دیکھ کر حیران ہے اور سوچ رہا ہے کہ سید مقاومت شھید حسن نصر اللہ ابھی زندہ ہیں ،مولانا جناب حسن امام صاحب کے بعد مھمان خطیب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید حسن رضا نقوی صاحب نے خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں حضرت زھرا س کی عظمت کے ساتھ شھداء مقاوت پر مفصل گفتگو فرمائی، انہوں نے اپنی تقریر میں بیان کیا کہ سید حسن نصر اللہ مکتب مقاومت فاطمیہ کے ایک عظیم شاگرد تھے۔
انہوں نے بیان کیا کہ حضرت زھرا س مکتب مقاوت کی بنیان گزار اور معلمہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت زھرا س کے مکتب مقاومت کا بنیادی ترین مبنیٰ نصرت ولایت اور ولی کے حق کے لیے قیام کرنا ہے، اور اسی طرح سید حسن نصر اللہ نے نصرت ولایت ولی کا دفاع ، ولی کی اطاعت اور ولایت کے حق میں جھاد تبیین اور شھادت کے جزبے کو اور استقامت و جھد مسلسل کو دختر رسول اکرم ص حضرت زھراء سلام اللہ سے سیکھا۔مجلس کے آخر میں عزاداری بی بی حضرت زھراء سلام اللہ علیہا برپا کی گئی۔یاد رہے مجلس کی نظامت کے فرائض برادر شیخ رئیس عباس نے انجام دیئے۔ ساتھ ہی مظلومین فلسطین و لبنان کے لئے چندہ بھی جمع کیا علماء وطلباء نے حسب استطاعت بھر پور اس کار خیر میں حصہ لیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ کی نگران کونسل کی اہم میٹنگ اسلام آباد میں جناب سنیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی زیر منعقد ہوئی ۔ اسلام آباد مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ کی نگران کونسل کی سہہ ماہی میٹنگ کا سینیٹرعلامہ راجہ ناصر جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی زیر صدارت انعقاد ۔
میٹنگ میں بزرگ عالم دین و معروف خطیب جناب علامہ سید حسن ظفر نقوی ، برادر سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات ،علامہ سید مھدی کاظمی پرنسپل جامعہ بعثت ،محترمہ سیدہ معصومہ نقوی مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ کے مولانا ظہیر کربلائی مرکزی کوآرڈینیٹر خواتین ونگ وصوبائی آفس سیکرٹری صوبائی سیکرٹریٹ لاہور نے شرکت کی ۔
میٹنگ میں گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریف کیا گیا ۔ کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں اگلے تین ماہ کئی امور کی نشاہدھی کی گئی اور تنظیمی ،تعلیمی و تربیتی امور کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ شہید مقاومت علامہ سید حسن نصر اللہ اور حزب اللہ کے دیگر شہداء نے بہادری سے اسرائیلی رژیم کا مقابلہ کرتے ہوئے دنیا کے لئے یہ بات ثابت کر دی کہ اسرائیل قابل شکست رژیم ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان حزب اللہ کے سربراہ کو ان کی بہادری اور دلیری پر سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ بات علامہ علی حسنین نے امامبارگاہ حسینی ہزارہ نچاری علمدار روڈ میں حزب اللہ کے سربراہ شہید علامہ سید حسن نصراللہ کے چہلم کے موقع پر منعقدہ مجلس عزاء و تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء نے کہا کہ تاریخ علامہ سید حسن نصر اللہ کو مسلم امت کے بہادر رہنماء کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔ حسن نصر اللہ اور ان کے ساتھیوں نے فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو روکنے اور حماس کی حمایت کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کرتا رہا اور دنیا بھر کے مسلم ممالک خاموش تماشائی بنے رہیں۔ ایسے میں حسن نصر اللہ جیسے رہنماء ہی تھے جنہوں نے اسرائیل کی آنکھوں سے آنکھیں ملاتے ہوئے مسلمانوں کا دفاع کیا۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ حزب اللہ کے مجاہدین شہادت کو شکست نہیں سمجھتے، بلکہ یہ وہ قربانیاں ان کے مقصد کو زندہ رکھتی ہیں۔ اسرائیل ایک قابض رژیم ہے، جسے مسلمانوں کی سرزمین پر قبضے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ایسے میں اگر بچے، عورتوں، بزرگوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر ممنوعہ بموں سے حملے کئے جائیں تو کوئی مسلمان کیسے خاموش رہ سکتا ہے۔ حماس اور حزب اللہ کے مجاہدین فلسطینی عوام کے دفاع اور مسلمانوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جس میں بے انتہا قربانیاں پیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ پاکستان کے عوام نے گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی بربریت کے خلاف مسلسل آواز بلند کی ہے۔ آئیندہ بھی عوام الناس سے یہی توقع ہے کہ وہ ہر پلیٹ فارم پر فلسطین پر ہونے والے مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے غلیظ چہرے کو دنیا پر عیاں کرتے رہیں گے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی جانب سے طلباء میں مطالعہ کے فروغ کے لئے کتاب خوانی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے میڈیا سیل انچارج کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے شعبہ تربیت کی جانب پہلے کتاب خوانی کے مقابلے کی کامیابی کے بعد اسی سلسلے کی دوئم مقابلہ کتاب خوانی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس میں گرانقدر کتاب "ڈھائی سو سالہ انسان" کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں حکومت اسلامی کے قیام کے لئے آئمہ طاہرین (ع) کی سیاسی جدوجہد کا ذکر کیا گیا ہے۔ مقابلے کی تیاری کے لئے قاریئن کو کتاب کی ہارڈ کاپی مہیا کی جائے گی، جبکہ مقابلے میں کامیاب ہونے والے ٹاپ تین قارئین کو قیمتی انعامات اور باقی شرکت کنندگان کو بھی تحائف سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلے کے اعلان کے بعد رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سید ناصر عباس شیرازی کو ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا نائب صدر جبکہ ایم ڈبلیوایم کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسد عباس نقوی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا۔
ایم ڈبلیوایم کے مرکزی قائدین کی تقرری کا یہ فیصلہ ملی یکجہتی کونسل کے نو منتخب صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر اور ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین نے دستور کی روشنی میں اتفاق رائے سے کیا۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جلوس عزاداری پر مقدمات کا اندراج آئین پاکستان کی صریح خلاف ورزی اور غیر قانونی عمل ہے، اور یہ اہل تشیع کے بنیادی آئینی اور انسانی حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں جامعہ شہید مرتضیٰ مطہری میں مجلس علمائے مکتب اہل بیت صوبہ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ قاضی نادر علوی و دیگر علماء کرام سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر کہا کہ ملتان انتظامیہ کی جانب سے 12 شیعہ رہنماؤں کا نام شیڈول فور میں ڈالنا افسوس ناک عمل ہے۔ ماہ محرم اور چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر جلوس عزاداری پر مقدمات کا اندراج آئین پاکستان کی صریح خلاف ورزی اور غیر قانونی عمل ہے، اور یہ اہل تشیع کے بنیادی آئینی اور انسانی حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔ انہی مقدمات اور جلوس مشی کو بنیاد بنا کر عزاداروں کے نام شیڈیول فور میں شامل کئے گئے ہیں، جو کہ حکومت اور بیوروکریسی کی جانب سے قوانین کا غلط استعمال ہے، اور یہ مکتب اہل بیت کے پیروکاروں کی بنیادی ائینی حقوق اور مذہبی آزادی پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں شیڈول فور کے نام سے شریف شہریوں کو حراساں اور تنگ کیا جاتا ہے۔ اس وقت عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے میں پنجاب حکومت پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملتان سمیت پنجاب بھر میں اہل تشیع کے پرامن اور شریف کارکنوں کے خلاف شیڈیول فور کے غلط استعمال کو روکا جائے اور شریف شہریوں کے نام شیڈول فور سے فی الفور نکالے جائیں۔ اپنے دورے کے موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے فرزند علی شیر صدیقی کی شادی کی مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں ملتان کے ممتاز عالم دین علامہ غلام مصطفی انصاری سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان تبلیغ مکتب اہل بیت علیہم السلام و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبائی صدر عزاداری ونگ سخاوت حسین، علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر بھی موجود تھے۔