The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر متنازع یکساں نصاب کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں"یوم اصلاح نصاب"منایا گیا۔اس سلسلے میں اسلام آباد،لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مقررین نے شرکاء احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مذہبی منافرت کو فروغ دینے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔یکساں نصاب کے نام پر اسلام کے تاریخی حقائق کو مسخ کر کے نئی نسل کو گمراہ کرنے کی اس کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ایسے یکساں نصاب تعلیم کو مسترد کرتے ہیں جس کا مقصد نئی نسل کو تعصب کے زہر سے آلودہ کرنا ہو۔نجی و سرکاری اداروں میں تعلیم کے اعلی معیار کی یکسانیت کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے ۔یکساں نصاب کے نام ہر مخصوص مسلکی تعلیمات کا فروغ کی کوشش نظریہ پاکستان کے ساتھ بددیانتی سمجھی جائے گی۔کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ مخصوص عقائد کا پرچار اور مخالف مسالک کے بنیادی عقائد کی نفی کرے۔ نصاب تعلیم کو جہاں تکنیکی و علمی اعتبار سے اعلیٰ معیار کا حامل ہونا چاہیے وہیں اسلامی تصور حیات کا رنگ بھی اس پر غالب رہنا چاہیے تاکہ مذکورہ نصاب پڑھ کر ایسی ماہر اور عصری تقاضوں کے مطابق افرادی قوت تیار ہوسکے جو اعلی انسانی و اسلامی اقدار کی حامل ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی استعماری طاقتوں کی ایماء پر ارض پاک کے خلاف طرح طرح کے جال بچھائے جا رہے ہیں۔یکساں نصاب میں ایسے اسباق کو شامل نہیں کیا گیا جو طلبا میں تخلیقی سوچ، اتحاد و اخوت اور باہمی احترام پر مبنی ایک پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے معاون ہوں۔ واقعہ کربلا سمیت تاریخ کے دیگر باطل شکن واقعات کو دانستہ طور پر نصاب میں شامل نہیں گیا۔ اس بددیانتی کا مقصد نئی نسل کو اسلام کے حقیقی افکار و نظریات سے دور رکھنا ہے۔ایسی سازشوں کا ہر پلیٹ فارم پر مقابلہ کیا جائے گا۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام آج ملک بھر کے مختلف شہروں میں یوم نصاب منایا گیا۔ اس حوالے سے نماز جمعہ کے اجتماعات میں علمائے کرام نے اپنے خطابات میں یکساں قومی نصاب کے متنازعہ مواد کی نشاندہی کی۔ جامع مسجد امام حسن مجتبیٰؑ جیکب آباد میں عوامی آگہی مہم کے حوالے سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور قومی نصاب کمیٹی کے کنوینیر مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نئے نصاب میں اھل بیت کی ممتاز شخصيات اور تعلیمات کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ اسلاميات میں صحابہ کرام امہات المومنین صوفیاء اور مشاہیر کے باب تو قائم کیے گیے ہیں لیکن اھل بیت اور خاندان رسالت کا کوئی باب قائم نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حدیث کے باب میں شیعہ کتب احادیث کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے اور ایسی احادیث بیان نہیں جن کے راوی اہل بیت ہوں۔ بلکہ یہ لکھا ہے کہ فقط وہی احادیث مسلمانوں کے درمیان متفق علیہ ہیں جن کا ذکر صحیح بخاری اور مسلم میں ہو۔انہوں نے کہا کہ نصاب میں عبد اللہ بن عمرو بن عاص جیسی متنازعہ شخصيت کے صحیفہ صادقیہ کا ذکر تو موجود ہے مگر صحیفہ سجادیہ اور نہج البلاغہ جیسی عالمی شہرت یافتہ علمی کتب کا ذکر نہیں کیا گیا جو آل رسول کی علمی میراث ہیں۔
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے وفد نے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا وسیم عباس معصومی کی سربراہی میں جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ سورج میانی ملتان میں بزرگ عالم دین علامہ سید محمد تقی نقوی سے ملاقات کی اور اُن کی خیریت دریافت کی۔
وفد میں ممبر صوبائی تربیتی کونسل علامہ امیر حسین ساقی، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، ضلعی سیکرٹری تعلیم عاصم نقوی، ضلعی سیکرٹری تنظیم سازی فخر نسیم صدیقی اور ضلعی ترجمان محمد رضا مومن بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے بزرگ عالم دین کی احوال پُرسی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد پریس کلب میں علمائے کرام اور تنظيمی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نصاب تعلیم کے متنازعہ نکات کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کر دیا۔ انہوں نے اس موقع پر 11 فروری انقلاب اسلامی کی 43ویں سالگرہ کی پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی دنیا بھر کے مظلوموں اور محروموں کا انقلاب ہے، جو دنیا پر حاکم فرعونوں کے لئے زوال کا پیغام ہے، عصر حاضر کے عظيم انقلابی رہنماء حضرت امام خمینی نے عوامی جدوجہد کے ذریعے اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو عبرتناک شکست دی اور پوری دنیا میں عالمی استکباری قوتوں خصوصاً امریکہ اور اسرائيل کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے انہیں زوال پذیر بنا دیا، ہر سال کی طرح اس سال انقلاب اسلامی کے عاشق یوم اللہ 11 فروری کو بھرپور انداز سے مناکر عالمی استکباری قوتوں کو یہ پیغام دیں گے کہ انقلاب اسلامی کا نورانی پیغام اب دنیا بھر کے مظلوموں کے دلوں کی آواز بن چکا ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے متنازعہ نصاب تعلیم کے سلسلے میں وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا کہ نصاب تعلیم خصوصاً دینیات میں وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے سات کروڑ شہریوں کے مذہبی عقائد اور تعلیمات کو نظرانداز کیا گیا ہے، ایسے متنازعہ کردار کہ جن کی اہل البیت علیہم السلام سے دشمنی واضح ہے ان کو نصاب میں شامل کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ایک تہائی آبادی پر ان کی مذہبی تعلیمات کے برعکس دینی عقائد مسلط کرنا ظلم ہے، تعجب ہے ملت جعفریہ کے مسلسل احتجاج کے باوجود متنازعہ نصاب کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ہم دوٹوک الفاظ میں متنازعہ نصاب کو رد کرتے ہیں، کل نماز جمعہ کے اجتماعات میں نصاب کے متنازعہ نکات سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر قانون بلوچستان سید محمد رضا (آغا رضا) کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے نمائندہ وفد نے آج صوبائی الیکشن کمشنر آفس میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر فیاض حسین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سابق صوبائی وزیر اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء آغا رضا نے صوبائی الیکشن کمشنر کو نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی حلقہ بندی کی جائے، جس میں تمام علاقوں کی بہتر حلقہ بندی کی جائے تاکہ کوئی بھی فرد لوکل گورنمنٹ میں اپنے نمائندے سے محروم نہ رہ سکے۔
مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کوئٹہ سٹی ارباب لیاقت علی ہزارہ، سابق کونسلر حلقہ 12 کربلائی رجب علی، آفس سیکرٹری حاجی محمد ناصر، مشاورتی کونسل کے اراکین ٹھیکیدار سرور اور ٹھیکیدار سخی شامل تھے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب اسلامی کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کا دن حقیقی اسلام کی سربلندی اور مرجعیت کی فتح کے اعلان کا دن ہے۔آیت اللہ العظمٰی امام روح اللہ موسوی خمینی نے اپنی حکمت و تدبر اور بصیرت سے پوری دنیا کے سامنے اسلام کی حقانیت کو منوایا۔عالم اسلام کے اس عظیم اور نڈر قائد نے جس استقامت اور جرات کے ساتھ اسلامی انقلاب برپا کیا تاریخ اسے ہمیشہ سنہرے لفظوں سے یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا عالم کفر کو سب زیادہ خطرہ اس نظام ولایت سے ہے جس کے سب سےمضبوط مدافعین مراجع عظام ہیں۔مرجعیت کے ہاتھوں شام و عراق میں شرمناک شکست کے بعد عالمی غنڈوں نے اپنی توپوں کا رخ مرجعیت کی طرف موڑ دیا ہے۔خودساختہ پروپیگنڈوں کے ذریعے لوگوں کو ان الہی قوتوں سے متنفر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو حقیقی معنوں میں اسلام کے عظیم مجاہد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بعد پوری دنیا میں مکتب تشیع کا وقار بلند ہوا ہے۔ انقلاب اسلامی طاغوتی و استعماری قوتوں اور ان کے آلہ کاروں کی الہی طاقت کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کانام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر کی دجالی طاقتیں عالم اسلام کے خلاف برسرپیکار ہیں۔انہیں شکست دینے کے لیے اس عاشورائی فکر کو اپنانا ہو گا جس کا اظہار امام خمینی رحمتہ اللہ نے اپنے کردار و عمل سے کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کلچرل قونصلر سفارت جمہوری اسلامی ایران کے زیر اہتمام اسلام میں ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا ۔انقلاب اسلامی ایران کی 45 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان کے ثقافتی ادارے لوک ورثے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ثقافت، تاریخ اور تہذیب پر مبنی ایک خصوصی نمائش کا افتتاح کر دیا گیا۔ پاکستان میں تعينات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرجناب محمد علی حسینی اور وفاقی وزیر تعلیم جناب شفقت محمودنے کیا ۔اہل ہنر و علم اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد میں اس ہنری میلے میں شرکت کی ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے جناب حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ احمد نوری معزز ممبر گلگت بلتستان کونسل اورمولانا ظہیر الحسن کربلائی نے شرکت کی اور عزت مآب محمد علی حسینی سفیر جمہوری اسلامی ایران۔اسلام آباد کی خدمت میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی طرف انقلاب اسلامی ایران کی 45 ویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی ۔ جس پر سفیر جمہوری اسلامی ایران نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور قائد وحدت کی خدمت میں سلام اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارتی ریاست کرناٹک میں انتہاپسند ہندوؤں کی طرف سے ایک نہتی باحجاب مسلمان لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کو بھارت کا اصلی چہرہ قرار دیتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے متعصبانہ اقدامات کے باعث بھارت کو اقلیتوں کے لیے ایک غیر محفوظ ریاست بنا دیا ہے۔ ہندو شدت پسندوں کے ہاتھوں مسلمانوں پر ظلم وبربریت کے واقعات کا رونما ہونا معمول بن چکا ہے۔مذہبی جنونیوں کی موجودگی میں ایک نہتی باحجاب مسلمان لڑکی کا نعرہ تکبیر بلند کرناکوئی معمولی واقعہ نہیں۔مسکان خان نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ جس کا خدا پر ایمان مضبوط ہو اسے قادر مطلق کے علاوہ دنیا کی کسی طاقت سے ڈر نہیں لگتا۔
انہوں نے کہا کہ اس لڑکی کی للکار بھارت کے جارحانہ نظام حکومت کے خلاف اعلان بغاوت ہے۔اس کاروان میں جوق در جوق لوگ شامل ہوں گے اور بھارت بہت جلد ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔بھارت میں مذہبی جنونیت مودی حکومت کی سرپرستی میں پروان چڑھ رہی ہے۔ایک نہتی با حجاب مسلمان لڑکی کو خوفزدہ کرنے کے لیے شدت پسندوں نے جو گھٹیا اور بزدلانہ حرکت کی لڑکی نے اللہ اکبر کے جرات مندانہ نعروں سے اس کا جواب دے کر ان مسلمانوں حکمرانوں کو بھی شرما دیا ہے جنہوں نے چانکیہ کے پیروکار کو سرکا تاج سمجھ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس نڈر بیٹی کی جرات و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)سینٹرل سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان صوبائی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل آغا سید علی رضوی حفظہ اللہ نے کی ۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے اہم امور پر گفت و شنید کی گئی ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان جی بی کونسل ممبر شیخ احمد علی نوری ،مشیر وزیر اعلی جناب الیاس صدیقی ،ممبر جی بی اسمبلی علامہ اکبر رجائی،صوبائی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان غلام عباس، صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان حاجی محمد علی، صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان عارف قمبری ،سید الیاس موسوی اور برادر سلیم یاسر نے شرکت کی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے صوبائی سیٹ اپ کے حوالے سے مختلف امور زیر غور آئے اور آئینی حیثیت حاصل کرنے کے عمل میں تیزی لانے سمیت گندم بحران سے جلد از جلد عوام کو نجات دلانے کے لئے اراکین اسمبلی کو کردار ادا کرنے پر زور دیاگیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سنٹرل سیکریٹریٹ اسلام آبادمیں نماز ظہرین کے بعد برائے ایصال ثواب یعقوب حسینی مرحوم ابن خیر محمد قرآن خوانی منعقد کی گئی۔گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید علی رضوی ، معاون وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان برادر الیاس صدیقی ،گلگت بلتستان کونسل کے ممبر جناب علامہ شیخ احمد نوری ، پارلیمانی سیکریٹری علامہ اکبر رجائی ْمولانا علی شیر انصاری ، مولانا ظہیر کربلائی،برادر عارف قنبری ممبر صوبائی کابینہ جی بی کے علاوہ دیگر شعبوں کے اسٹاف نے شرکت کی اور مرحوم کی بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی ہے ۔ آنے والی شب جمعہ کو نماز مغربین کے بعد مجلس عزاء بعنوان مجلس ترحیم مرحوم ومغفور یعقوب حسینی ابن خیر محمد منعقد کی جائے گی۔