The Latest

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے وحدت ہاؤس ملیر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےبلدیاتی حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیر منصفانہ اور متعصبانہ حلقہ بندیاں کسی صورت قبول نہیں،الیکشن کمیشن آف پاکستان یونین کونسل 3 جعفرطیار کی غیر منطقی حلقہ بندیوں کا فوری نوٹس لے، ایک یونین کونسل کے ووٹرز کی تعداد کو صوبائی اسمبلی کے حلقے کے برابر مقرر کرنا کہاں کی دانشمندی ہے ۔

انہوں نےکہا کہ نئی حلقہ بندی میں یونین کونسل کے مرکزی علاقوں کو نکال کر یونین کونسل نمبر 2 میں شامل کردیا گیاہے ۔ اس اقدام سے نا صرف علاقہ عوام کو ووٹ کاسٹ کرنے میں دشواری کا سامناہوگا بلکہ نئے بلدیاتی سیٹ اپ کی تشکیل کے بعد اپنے عوامی مسائل کےحل کیلئے بھی در در کی ٹھوکریں کھانی پڑیں گی، جعفرطیار سوسائٹی کے تمام سروے ایک ہی یونین کونسل کا حصہ ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم نے 2  پرپوزلز کے ساتھ یونین کونسل 3 جعفرطیار کی حلقہ بندیوں پر اعتراض تیار کرلیا ہے جو کہ جلد جمع کروادیا جائے گا۔ اگر حلقہ بندیوں کی منصفانہ تقسیم نہ ہوئی تو اہلیان جعفرطیار سوسائٹی اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات سید حسن رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اُتریں گے۔ لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور صالح قیادت ہی مسائل حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے پاس صالح اور دیندار افراد موجود ہیں، جو بہتر انداز میں ملک و قوم کی بلاتفریق مذہب و مسلک خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے امیدوار کی نامزدگی کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا، اس حوالے سے مرکز کے فیصلے پر عمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے مختلف علاقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے اور اس بار مجلس وحدت مسلمین لاہور سے لارڈ میئر کا امیدوار بھی میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، اور عوامی خدمت کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے ہوم ورک کیا جا رہا ہے، جلد ہی اس حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علمائے امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ بانیان پاکستان وطن عزیز کو ایک ایسی ریاست دیکھنا چاہتے تھے جہاں معاشرے کے تمام لسانی، مذہبی، دینی اور علاقائی شناخت کے حامل طبقات مساوی زندگی گزار سکیں، جہاں تمام طبقات کے حقوق محفوظ اور محرومیاں دور ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الباقر مرکز مطالعات کے زیراہتمام یکساں قومی نصاب کے موضوع پر ہونے والے ایک وبینار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ نے ریاستی امور چلانے کے لیے بنیادی اصول بتا دئیے تھے، جن کے مطابق اس ملک کو قرآن و سنت کی حقیقی تشریح کے مطابق چلنا تھا لیکن افسوس کے ساتھ یہاں مخصوص تشریحات اور سوچ و فکر کا غلبہ ہوتا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نصابات سمیت جملہ امور میں جب تک تمام طبقات کے حقوق کا خیال نہیں رکھا جائے گا معاشرے کی پیشرفت کا عمل سست روی کا شکار رہے گا۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) امام بارگاہ ابوتراب میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام موسی کاظم دین خدا کے محافظ امام برحق تھے آپ کی حیات ظلم اور ظالم حکمرانوں کے خلاف جدوجہد عبودیت الہی اور امت کی ھدایت میں گذری۔ وقت کے جابر حکمرانوں کی طرف سے آپ علیہ السلام کی طویل قید آپ کے مجاہدانہ کردار کی عکاس ہے۔ جب امت خواب غفلت میں ہو حالات حاضرہ سے لاتعلق ہو امت بے بصیرت تو امام معصوم منصوص من اللہ جیل کی سلاخوں میں قید ہوتا ہے اور فاسق و فاجر لوگ برسر اقتدار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ملت کو بیدار باشعور اور بابصیرت بننا ہوگا تاکہ ہم عصر حاضر دین اسلام اور نظام امامت و ولایت کے ناصر و مددگار بن سکیں اور دشمن کی سازشوں کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔ امام زمانہ ع کے منتظرین کو حق و باطل کے معرکے میں خاموش تماشائی بننے کی بجائے آگے بڑہ کر حق اور اھل حق کا ساتھ دینا چاہیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سابق سینیٹر اور تحریک حسینی کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید اسد عباس نقوی، علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ مقصود ڈومکی، برادر نثار فیضی، عارف قمبری، ارشاد بنگش اور شبیر ساجدی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس علمائے اہلبیت (ع) کے صدر علامہ صفدر نجفی، علامہ محمد حسین روحانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مختلف ملی و قومی امور پر بات چیت ہوئی۔

وحدت نیوز(لاہور) شہادت باب الحوائج امام موسی کاظم علیہ سلام کے موقع پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام موسی کاظم علیہ سلام  نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا۔

 انہوں نے کہا کہ امام ہفتم راتوں کو سحر تک بیدار رہتے اور آپ کی شب زندہ داری ہمیشہ استغفار، طویل سجدوں، بہتے آنسووں، کثرتِ مناجات اور دورانِ عبادت مسلسل گریہ و زاری کے ساتھ ہوا کرتی آپ کی مقبولیت سے خائف ہو کر ظالم و جابر حکومت نے طویل عرصہ کیلئے سخت ترین قید و بند میں ڈالا اور بالاخر قید میں ہی زہر دے کر شہید کر دیا۔

 انہوں نے کہا کہ آپ ؑ نے بھی تمام آئمہ معصومین کی طرح اپنی امامت کے ٣٥ برسوں کے دوران دین اسلام کے احیاء اور الہٰی اقدار کے فروغ کے لئے ہر قسم کی مشکلات اور پریشانیوں کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور راہِ اسلام میں صبر و استقامت کو عملی جامہ پہنایا۔

وحدت نیوز(ماتلی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل بہادر ساتھی برادر یعقوب حسینی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈو محمد خان کے سیکریٹری جنرل محب علی بھٹو اور ضلع ماتلی کے سیکریٹری جنرل میر طارق رند ان کے ہمراہ تھے۔

مرحوم یعقوب حسینی کے اھل خانہ اور بھائی فرحان حیدر سے تعزیت کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یعقوب حسینی مجلس وحدت مسلمین کے بہادر کارکن تھے جو جہد مسلسل پر یقین رکھتے تھے وہ بے خوف ہوکر تکفیری دھشت گردوں کے مقابل ملت کے عزت و وقار کے لئے آئے اور وڈیروں کے مقابل مجلس وحدت کی سیاسی قوت کو ثابت کیا۔ ان کی وفات سے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت اور کارکنوں کو صدمہ ہوا۔ اللہ تعالی انہیں اپنے انبیاء کی شفاعت نصیب کرے اور اھل بیت رسول اللہ کے ساتھ محشور فرمائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامت کے ساتویں آفتاب حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام برحق صبر و رضا کی اعلٰی ترین معراج پر تھے۔ان کی زندگی کے تمام پہلو اپنے جد امجد رسول خدا ﷺ کے اسوہ حسنہ کا عملی اظہار ثابت ہوئے۔ اس دور کی استکباری طاقتیں ظلم و جبر کے تمام حربوں کو آزمانے کے باوجود بھی امام برحق کو اپنے اجداد کی اعلی تعلیمات اور عالی اقدار کی حفاظت سے دستبردار نہ کرے سکیں۔موسی کاظم علیہ السلام کا طویل ترین قید اور حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے خائف نہ ہونا ہمارے لیے باعظمت زندگی بسر کرنے کا بہترین درس ہے۔ دین کی حفاظت کے لیے جرات و استقامت کو طرزِ زندگی بناکر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار بحال کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا شہادت کی آرزو حقیقی مومن کی پہچان ہے۔جن شخصیات نے اس حقیقت کا درک کر لیا وہ دنیا و اخرت میں سرخرو ہیں۔تاریخ شاید ہے کہ موت کے خوف اور دنیاوی لالچ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے منتخب کردہ اماموں سے دور کر دیا اور امام کو تنہائی کی اذیت سہنا پڑی۔انہوں نے کہا دور عصر میں ہمیں سختی کے ساتھ آئمہ اطہار علیہم السلام کے طرزِ زندگی کو اپنانے کی ضرورت ہے بصورت دیگر ذلت و رسوائی کے چنگل سے آزادی ممکن نہ ہو گی۔انہوں نے امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر امام زمانہ علیہ السلام کے حضور اور مومنین کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری کی جانب سے کوئٹہ کے سرینا ہوٹل میں "بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس 2022کا انعقاد ہوا۔ جس کا عنوان "احترام انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی" تھا۔

 تقریب میں شہر کے تمام مذاہب کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ محمد موسیٰ حسینی، جماعت الصالحین پاکستان کے امیر صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری اور مختلف مکاتب فکر و مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔

 کانفرنس سے دین اسلام کے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، سکھ برادری، عیسائی اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور مذہبی رواداری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے تمام مذاہب کے درمیان امن و محبت اور بھائی چارگی کے فروغ پر زور دیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلی سطح وفد نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں یکساں نصاب تعلیم کے متنازع نکات سے پیدا ہونے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔

نصاب کمیٹی کے کنوینر مقصود علی ڈومکی نے کہا پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے۔اتحاد و وحدت اور اسلامی اخوت کی فضا کے لیے مذہبی ہم آہنگی اور بنیادی عقائد کا باہمی احترام انتہائی ضروری ہے۔مسلکی متنازع نصاب تعلیم سے قومی وحدت کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔وطن عزیز میں بسنے والے سات کروڑ شیعہ مسلمانوں کا یہ آئینی حق ہے کہ وہ اپنے مکتبہ فکر کے مطابق تعلیم حاصل کریں۔وزارت تعلیم نے نصاب مرتب کرتے وقت اس حقیقت کو نظرانداز کیا ہےاور یک طرفہ نصاب ترتیب دیا ہے جو کئی حوالوں سے نقائص پر مبنی ہے۔قومی اسمبلی کی ایک قرارداد کے ذریعے صدیوں سے رائج درود شریف بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی طرف سےنان ایشوز کو ہوا دے کر قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے ایسے اقدامات انتہائی افسوس ناک ہیں۔وطن عزیز میں گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی اور مذہبی منافرت کی آگ بھڑکی ہوئی ہے۔شدت پسندانہ اقدامات کے ذریعے اس پر پٹرول چھڑکنا کسی بھی طور دانشمندی نہیں۔ہم سب کو اس سازش کا درک کرنا ہو گا کہ متنازع امور کو چھیڑ کر ایک بار پھر وحدت اسلامی پر وار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے کہا کہ نصاب تعلیم مرتب کرتے ہوئے اہل تشیع کے عقائد اور دینی تعلیمات کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ اہل سنت و اہل تشیع وحدت و اخوت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ہم ایسا نصاب تعلیم چاہتے ہیں جو پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے لئے یکساں طور پر قابل قبول ہو۔ ہمارے درمیان پچاسی فیصد مشترکات ہیں لہذا نصاب تعلیم میں مشترکات کو اہمیت دی جائے۔ اہلیبیت اطہار ع پوری امت مسلمہ کی عقیدت اور مودت کا مرکز ہیں۔ نصاب تعلیم مرتب کرتے ہوئے کوئی ایک باب بھی اہلیبیت ع کے نام سے منسوب نہیں کیا گیا جو کہ افسوسناک ہے۔

اس موقع پر نصاب کمیٹی کے رکن سید ابن حسن شاہ نے مرتبہ نصاب کے متنازعہ نکات تفصیلی بریفنگ دی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مجھے نصاب تعلیم کے حوالے سے آپ کے خدشات سے آگاہ کیا گیا تھا لیکن جس مدلل انداز میں آپ نے متنازع نکات اور اپنے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے وہ انتہائی قابل غور ہے۔ پاکستان میں بسنے والے مختلف اسلامی مکاتب فکر کے درمیان وحدت اور اتحاد کا فروغ اور دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں امور مملکت کو دیکھنا اسلامی نظریاتی کونسل کا بنیادی ہدف ہے۔ گو کہ نصاب تعلیم وزارت تعلیم کا مسئلہ ہے لیکن ان کے دینی اور مذہبی نقطہ نگاہ کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل بھی اپنا آئینی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈائریکٹر ریسرچ آپ کے خدشات اور نصاب تعلیم کے امور کا جائزہ لیں گے۔وفد میں نصاب کمیٹی کے رکن سید ابن حسن شاہ اور مسئول دفتر امور خارجہ مولانا ضیغم عباس بھی شامل تھے۔ جبکہ اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جناب ڈاکٹر قبلہ ایاز صاحب کے ہمرا ہ سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل جناب ڈاکٹر اکرام اللہ ،ڈی جی ریسرچ اسلامی نظریاتی کونسل جناب ڈاکٹر انعام اللہ اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ریسرچ ونگ کے دیگر اراکین بھی شریک تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree