The Latest
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دفتر جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے مسئول حجت الاسلام سید شیدا حسین اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان حجت الاسلام ڈاکٹر مشتاق حکیمی بھی تھے۔
جامعہ روحاینت کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام احسان رضی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جامعہ روحانیت کی علمی تحقیقی و تبلیغی اور فرہنگی فعالیتوں کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے جامعہ روحانیت کو شجرہ طیبہ سے تعبیر کیا اور ساری تنظیموں کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر علاقے کے علماء کا اتفاق ہونا انتہائی قابل تعریف و لائق تحسین اور دوسروں کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔
ملاقات میں کابینہ کے اراکین اور جامعہ روحانیت کی مجلس کے اسپیکر حجت الاسلام مبشر مقدسی اور نظارت کے دبیر حجت الاسلام عسکری ممتاز بھی موجود تھے۔ آخر جامعہ روحانیت بلتستان کے نائب صدر حجت الاسلام سید حامد علی شاہ رضوی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر تمام محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے الہی حکم کی تعمیل کی جو عملی انداز امام حسین علیہ السلام نے پیش کیا اس کی تاریخ عالم میں مثال نہیں ملتی۔امام عالی مقام نے اپنے گنے چنے ساتھیوں کے ساتھ وقت کے جابر حکمران کو للکار کر یہ ثابت کیا کہ جب اللہ کے حقیقی دین کو خطرہ درپیش ہو تو تب افرادی قوت کی کمی کو جواز بنا کر خاموش نہیں بیٹھا جاتا۔ کربلا وہ طاقت ہے جو دنیا بھر کے حریت پسندوں کو جرات و استقامت عطا کرتی ہے۔حسین علیہ السلام اس ہستی کا نام ہے جس نے اپنی پرنور شخصیت اور عالی فکر سے ایک صحرا کو معلیٰ بنا دیا۔
انہوں نے کہاکہ دور عصر میں عالمی استکباری طاقتوں کے غلبے کی واحد وجہ حسینی فکر سے دوری ہے۔اگر امت مسلمہ امام حسین علیہ السلام کے افکار اور طرز زندگی پر عمل کرے تو باطل قوتوں کا سارا دبدبہ صابن کے جھاگ کی طرح بیٹھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم امہ ذلت و رسوائی سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی تو اسے آل رسول ﷺ کی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے ان کی سیرت پر عمل کرنا ہو گا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ برکت مطہری نے کہا کہ پشاور کوچہ رسالدار مسجد امام بارگاہ امامیہ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والی دہشتگردی بم دھماکے کی شدید مزمت کرتے ہیں ۔عمران خان کی ریاست مدینہ میں پھر سے قتل وغارت گری کا بازار سجایا گیا ہے ۔
انہون نے کہا کہ یہ سانحہ حکومت وقت اور سیکورٹی فورسز کی نااہلی کا نتیجہ ہے پاکستان کی تاریخ رہی جب بھی حکومت کو دباؤ پڑا تو شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا ماحول گرم کیا جاتا ہے ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ واقع میں ملوث عناصر اور سہولت کار کے خلاف کاروائی کی جائے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(گڑھی یاسین)جامع مسجد امامیہ پشاور میں دوران نماز جمعہ تکفیری دہشت گردوںکےخودکش حملے کے خلاف ملک بھر کی طرح مجلس وحدت مسلمین تحصیل گڑھی یاسین کی جانب سے لاڑکانہ/شکارپور قومی شاہراہ پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی کی قیادت میں علامتی احتجاجی دہرنا دیا گیا۔
سانحہ پشاور واقعہ میں ملوث ملزمان کے گرفتاری کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی کی قیادت میں ایک گھنٹے تک لاڑکانہ/ شکارپور قومی شاہراہ پر احتجاجی دہرنا جاری رہا۔
احتجاجی دہرنے کی قیادت علامہ اعجاز حسین بہشتی، اصغر علی سیٹھار، نظام الدين انقلابی، مستنصر مہدی ابڑو، سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ سانحہ پشاور سیکیورٹی اداروں پر بھی سوالیہ نشان ہے ،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہداء پشاور کے قاتلوں کو سرعام سزائے موت دی جائے۔
وحدت نیوز(مظفرگڑھ)سانحہ پشاور کے خلاف مجلس وحدت مسلمین مظفرگڑھ کے زیراہتمام امام بارگاہ امامیہ سے احتجاجی جلوس نکالا گیا جوکہ مظفرگڑھ پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، احتجاجی مظاہرہ کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل مظفرگڑھ سید شفقت علی کاظمی نے کی۔ احتجاجی مظاہرہ میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرے سے جماعت اسلامی کے رہنما رانا افضل، جماعت اہلسنت کے رہنما سجاد احمد، حافظ اکبر نقاش، رہنما متحدہ علما مشائخ امن کمیٹی سید غلام علی بخاری، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی غضنفر عباس نقویم رہنما شیعہ علما کونسل اختر بخاری، سید زین کاظمی، محمد علی نقوی، صفدر حسین نقوی، عمران کاظمی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ سانحہ پشاور حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت فی الفور سانحہ پشاور کے کرداروں کو بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی کے لیئے دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سانحہ پشاور کے شہداء کے خانوادوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کو پہلے پالا گیا جو آج بے قابو ہوکر مساجد پر حملہ آور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ پشاور کے دوران سانحہ کوچہ رسالدار کے زخمیوں کی عیادت اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیر زراعت گلگت بلتستان میثم کاظم، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ وحید کاظمی، ملک اقرار حسین، ارشاد حسین بنگش اور دیگر موجود تھے۔ علامہ احمد اقبال رضوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ صوبائی درالخلافہ میں اس طرح مزموم مقاصد رکھنے والے لوگ اتنی آسانی کیساتھ دہشتگردی کردیں۔ حکمران سیاست سیاست کھیلنے اور اقتدار بچانے کی بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ یہ سانحہ ناقابل برداشت ہے، اگر حکومت نے اب بھی دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے حوالے سے کوئی نرم گوشہ رکھا تو مکتب اہلبیت کے ماننے والوں کا ردعمل شدید ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مائنوریٹیز الائنس پاکستان کے ایک اعلی سطح وفد نے ایم ڈبلیو ایم سیکریٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں سے سانحہ پشاور پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا شدت پسندی کے خاتمے کے لیے حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نےپشاور میں ہونے والے بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی ۔
وفد میں مائنوریٹیز الائنس پاکستان اسلام آباد کے صدر آصف جون، صدر راولپنڈی فیض بھٹی، سینٹرل آرگنائزر آنوش بھٹی، یوتھ پریزیڈنٹ اسلام آباد رفت پرنس، سوشل ایکٹوسٹ وقار بھٹی شامل تھے۔ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی اور دیگر رہنما موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) پشاور کی جامعہ مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع ۔قراردادمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی نے جمع کروائی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان پشاور کے قصہ خوانی بازار کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مربوط پالیسی تشکیل دی جائے واقع کی تحقیقات کر کے قوم کے سامنے لائی جائے۔ذمہ داران کو قرارواقعی سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔
متن میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان اور صوبائی حکومتوں کے کردار کے بغیر دہشت گردی کی جنگ جیتی نہیں جا سکتی ،اس لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرنے کے لئے واضح پالیسی اپنائیں ۔اس سلسلہ میں اگر دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ کی ملوث ہونے کی بھی تصدیق ہوتی ہے ،جس ملک کی قوتیں اس میں ملوث پائی جاتی ہیں اُن سے بھرپور احتجاج کیا جائے
متن میں مزید کہا گیا کہ اقوام عالم میں اس مسئلے کو اُٹھایا جائے تاکہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں ،ان قوتوں کے خلاف سفارتی ہتھیار استعمال کرتے ہوئے خطے میں امن وامان کو یقینی بنایا جا سکے ۔یہ ایوان واقع میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے ،اللہ تعالیٰ شہدا کی مغفرت فرمائے اور اُن کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز(گلگت) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشیدخان کا پشاور دھماکہ میں شہید ہونے والے علی مرتضیٰ کے والدمجلس وحدت مسلمین کے رہنما حاجی زرمست خان سے ٹیلی فونک رابطہ اور جواں سال فرزند کی شہادت پر اظہارافسو س اور تعزیت ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے جواں سال بیٹے کی افسوسناک شہادت پر رہنما ایم ڈبلیو ایم حاجی زرمست خان کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جواں بیٹے کی المناک شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں،صوبائی حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔شہید کو بذریعہ ہیلی سکردو پہنچانے کیلئے پاک فوج اور ائیر فورس دونوں سے ہیلی ہائیر کی لیکن ویدر کنڈیشن اور لائٹ آرز کی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکا
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور ملک دشمن دہشتگردوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے، شہید کے والد نے حکومتی اقدامات، اظہار ہمدردی اور دلجوئی پر شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے بزرگ رہنما حاجی زرمست خان کے جواں سال فرزند مرتضیٰ علی جوکہ گذشتہ روز سانحہ جامع مسجد امامیہ کوچہ رسالدار پشاور میںتکفیری دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والے خودکش حملے میں زخمی ہوگئے تھے آج زخموں کی تاب نالاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
علی مرتضیٰ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلا تھے،ڈاکٹرز نے ان کی جان بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکےاور آج خالق حقیقی سے جا ملے، ان کا جسد خاکی سکردو منتقل کردیا گیا ہے جہاں آج بعد نماز ظہرین جامع مسجد امامیہ ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
ایم ڈبلیوایم رہنما حاجی زرمست خان کے جواں سال فرزندعلی مرتضیٰ کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید ناصرشیرازی، اسد عباس نقوی ، آغا سید علی رضوی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین اور گلگت بلتستان اسمبلی میں ایم ڈبلیوایم کے اراکین و وزراء نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیاہے۔
ایم ڈبلیوایم کےقائدین نے شہیدعلی مرتضیٰ کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال انہیں جوار سید الشہداء امام حسینؑ میں محشور فرمائے اور حاجی زرمست خان سمیت تمام پسماندگان کواپنی بارگاہ سے صابرین کا عظیم اجر نصیب فرمائے ۔