وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد اقبال رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت کے حقوق کے لیے علامہ ناصرعباس جعفری کی بلاتھکان جدوجہد، جرات اوراستقامت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔وطن عزیز میں ملت تشیع کو درپیش مشکلات کےازالے کے لیے 80 سے زائد دن بھوک ہڑتال پر رہنے کے بعد ان کی طبیعت کافی بگڑ گئی اور گزشتہ رات ان تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرانا پڑا۔وہ عارضہ قلب اور شوگر کےمرض میں پہلے سے مبتلا تھے۔مسلسل بھوک ہڑتال نے ان کے گردوں اور اعصاب کو شدید متاثر کیا ہے۔ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد بھی وہ بھوک ہڑتال ختم کرنے پرآمادہ نہیں جو ہمارے لیے تشویش اور اضطراب کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ کے مطالبات پر وفاقی حکومت کا کان نہ دھرناجمہوری اقدارکے منافی ہے۔حکومت کی اس رعونت اور بے حسی کےخلاف ہم خاموش نہیں بیٹھے گے۔ہماری یہ احتجاجی تحریک کسی اور انداز سے اب آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا 7 اگست کوشہید عارف حسین کی برسی کے سلسلہ میں تحفظ پاکستان کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔قائد حسینی مسالک کے مابین اتحاد و یگانگت اور وطن کے استحکام کی علامت تھے۔مجلس وحدت مسلمین انہی کے مشن کو لے کر آ گے بڑھ رہی ہے۔پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل سے نبر د آزما ہونے کے لیے پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اور کرپشن کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل واضح اور شفاف ہے۔پانامہ لیکس کے ذمہ داران کے خلاف موثرکاروائی ہونی چاہیے۔کرپشن ہی وہ ناسور ہے جس نے ہماری ملک کی اقتصادی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔وطن عزیز کی سالمیت و استحکام کرپشن کے خاتمے سے مشروط ہے۔جو بھی جماعت کرپشن کے خلاف آوازبلند کرے گی ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔