وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینیت کے پیروکاروں کو یزیدی ہتھکنڈوں سے خائف نہیں کیا جا سکتا۔عزاداری سید الشہدا ہماری شہ رگ حیات ہے جس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔حق و باطل کا یہ معرکہ چودہ سو سالوں سے جاری ہے ۔ہمارے لیے یہ بات باعث سعادت ہے کہ ہم نے حق کا علم تھاما ہوا ہے۔ ملت تشیع کے وہ نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو عزاداری کو برپا کرنے اور اس کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت میدان میں موجود ہیں۔ان باہمت ماؤں اوربہنوں کے جذبات کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے بچے اور بھائی پاکستان میں جاری دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے لیکن ان کے عزم و حوصلے کو شکست نہ دی جا سکی اور عزاداری کے پروگرام مزید پُرشکوہ انداز میں منعقد کیے جانے لگے ۔یہ دراصل ان یزیدی گروہوں کی شکست ہے جو پاکستان دشمن قوتوں کی ایما پر وطن عزیز میں عزاداری سید الشہدا کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ملت تشیع کے علاوہ اہلسنت برادران اور دیگر مسالک کی عزاداری کے پروگراموں میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے امام عالی مقام علیہ السلام سے مودت کے اظہار میں جبر و بربریت کی کوئی کوشش رکاوٹ نہیں بن سکتی۔انہوں نے کہا کہ دشمن کمینگی کے بدترین درجہ پر آگیا ہے اب اس نے چار دیواری کے اندر خواتین کی مجالس کو نشانہ بنانے کی ٹھان لی ہے اور ہماری خواتین کو شناخت کرکے شہید کیا جانے لگا ہے۔دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ملت کے ہر فرد کو انفرادی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کے پانچ کروڑ شیعہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ۔قوم کی عزت و قار کو ذاتی انا کی نذر کرنے والے قومی مجرم ہوں گے۔ملت تشیع کو درپیش اس کڑے وقت میں ہمارا اتحاد و اخوت دشمن کے ناپاک ارادوں کی موت ثابت ہو گا۔ملک کی تمام چھوٹی بڑی شیعہ تنظیمیں علاقائی سطح پر متفقہ ضابطہ اخلاق مرتب کریں جس کے تحت قومی ایشوز پر مشترکہ انداز میں جدو جہد کی جائے۔